لکی مروت میں ہفتہ شہدائے خیبر پختونخوا پولیس نہایت عقیدت، احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
لکی مروت میں ہفتہ شہدائے خیبر پختونخوا پولیس نہایت عقیدت، احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے
پشاور۔ 06 اگست (اے پی پی):لکی مروت میں ہفتہ شہدائے خیبر پختونخوا پولیس نہایت عقیدت، احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
تر جمان لکی مروت پولیس کے مطابق اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت نزیر خان اور ڈپٹی کمشنر حمیداللہ خان نے تقریب میں شریک شہدائے پولیس کے ورثاء سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔بعد ازاں ڈی پی او نزیر خان، ڈپٹی کمشنر حمیداللہ خان، ایس پی انویسٹی گیشن صلاح الدین کنڈی اور شہدائے پولیس کے ورثاء کے ہمراہ یادگار شہداء پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ اس موقع پر لکی مروت پولیس کے چاک و چوبند دستے نے یادگار شہداء پر گارڈ آف آنر پیش کیا۔مرکزی تقریب میں ڈی پی او لکی مروت نزیر خان، ڈپٹی کمشنر حمیداللہ خان، ایس پی انویسٹی گیشن صلاح الدین کنڈی، مروت قومی جرگہ کے مشران، شہدائے پولیس کے ورثاء، بچوں، میڈیا نمائندگان اور پولیس افسران و جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلامِ پاک سے کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او نزیر خان نے کہا کہ شہدائے پولیس کی قربانیاں لازوال ہیں۔ آج ملک میں قائم امن انہی عظیم قربانیوں کی بدولت ہے۔ ہمارے شہداء نے قوم کے محفوظ مستقبل کے لیے اپنا آج قربان کیا اور شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔ ان کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں، اور پوری قوم ہمیشہ ان کی مقروض رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ ان کے عظیم مشن کو اسی جذبے، دیانت اور عزم کے ساتھ آگے بڑھائیں گے، انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور آر پی او بنوں ریجن ربنواز خان کے وژن کے مطابق شہداء کے اہل خانہ کی عزت، تکریم، فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت ہماری اولین ترجیح رہے گی۔ شہداء ہماری طاقت، ہمارا فخر اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں، جن کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر حمیداللہ خان، ایس پی انویسٹی گیشن صلاح الدین کنڈی اور مروت قومی جرگہ کے مشران نے بھی اپنے خطابات میں شہدائے پولیس کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔آخر میں شہدائے پولیس کے ایصال ثواب، درجات کی بلندی، ملک کی سلامتی اور امن کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء اور مہمانوں کے اعزاز میں بڑے کھانے کا کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔









