یوم استحصال کشمیر کے سلسلہ میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور قونصل خانے کے زیر اہتمام تقریب ، جموں و کشمیر کے غیر قانونی الحاق ،انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا گیا

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور نیویارک میں پاکستان کے قونصل خانے نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر مشترکہ طور پر ’’جموں و کشمیر: اقوام متحدہ کے منشور کے تحت منصفانہ اور پُرامن حل کی جانب پیش رفت‘‘کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا۔

نیو یارک۔6اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور نیویارک میں پاکستان کے قونصل خانے نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر مشترکہ طور پر ’’جموں و کشمیر: اقوام متحدہ کے منشور کے تحت منصفانہ اور پُرامن حل کی جانب پیش رفت‘‘کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا۔

پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ روز پاکستان ہائوس میں منعقدہ تقریب میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹیز کے افراد، ماہرینِ تعلیم، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں کشمیری عوام کی مشکلات اور حالات کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی تھے۔ انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں، بنیادی آزادیوں پر پابندیوں، سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں،بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں کی موجودگی اور علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازع کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع اب بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے بین الاقوامی قانون کے مطابق اس تنازع کے پُرامن حل کی حمایت کرے۔ تقریب سے کشمیری رہنمائوں غلام نبی فائی، شاہل کھوسو، تاج خان اور سردار سوار خان نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے بھارتی قابض افواج کے مظالم کی مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کرے۔ تقریب کے اختتام پر کشمیری عوام کی آزادی، وقار اور حقِ خودارادیت کی منصفانہ اور پُرامن جدوجہد کی مسلسل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔