یوم استحصال کشمیرپر ملک بھرمیں ریلیوں وتقاریب کاانعقاد، بھارت کے غیر قانونی اقدام کی مذمت ،کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار

"یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔”

اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):یوم استحصالِ کشمیرکےموقع پرکشمیریوں سےاظہاریکجہتی اوربھارتی تسلط کےخلاف ملک بھرمیں ریلیوں اورتقاریب کا انعقاد کیا گیا،شرکا نے بھارت کی جانب سے اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنےکےغیرقانونی اقدام کی مذمت کی،آزادکشمیر کے مختلف شہروں میں یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں ریلیوں اور تعلیمی اداروں میں آگہی پروگرامز کا انعقا دکیا گیا،مظفرآباد میں یوم استحصال کشمیر کےموقع بھارت کے غیرقانونی اقدامات کے خلاف عوام کا سمندر شہرکی سڑکوں پراُمڈآیا،میرپور میں بھی شہریوں نے چوک شہیداں تک یوم استحصال کشمیر کی شاندار ریلی نکالی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

کراچی میں بیت المکرم سے شروع ہونے والی یوم استحصال کشمیر کی ریلی میں نوجوانوں اوربزرگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔لاہور میں یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں منعقدہ ریلیوں اور سیمینارزمیں اہم شخصیات اور عام شہریوں نے مسئلہ کشمیرکو اجاگر کیا۔

پنجاب کے شہرڈسکہ میں یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں جوش وخروش دیکھنے میں آیا اور لوگوں نے کشمیرپر اپنے جذبات کا اظہارکیا۔حافظ آباد میں سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کے زیراہتمام ریلیوں میں شہریوں نے پاکستان اورکشمیرکے جھنڈے اٹھارکھے تھے۔

خیبرپختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی یوم استحصال کشمیر کی ریلیوں کے شرکا نے بھارتی مظالم پردنیا سے نوٹس کا مطالبہ کیا۔بلوچستان کے شہر واشک کے غیوربلوچ عوام نے بھی یوم استحصال کشمیر کی ریلیوں میں اپنے کشمیریوں بھائیوں سے اظہاریکجہتی کیا۔بلوچستان کے شہرجعفر آباد کے شہری بھی اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت اور ان سے بھرپور اظہاریکجہتی کےلئے سڑکوں پر نکل آئے۔ڈیرہ بگٹی میں منعقدہ یوم استحصال کشمیر کی ریلیوں میں بھی شہریوں نے کشمیریوں کی اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔کوہلو اور حب میں بھی مختلف شہری تنظیموں کے زیراہتمام یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں شاندارریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرکے پوری قوم نے دنیا کو ایک بار پھر بتا دیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہمیشہ رہے گی۔