لیبیا، تارکینِ وطن کی کشتی کو حادثہ ، 11 لاشیں نکال لی گئیں، 40 افرادتاحال لاپتہ

لیبیا کے ساحل کے قریب درجنوں تارکینِ وطن کو یورپ لے جانے والی کشتی الٹ گئی، 11 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 40 افرادتاحال لاپتہ ہیں

طرابلس ۔20جون (اے پی پی):لیبیا کے ساحل کے قریب درجنوں تارکینِ وطن کو یورپ لے جانے والی کشتی الٹ گئی، 11 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 40 افرادتاحال لاپتہ ہیں۔اردو نیوز کے مطابق مشرقی لیبیا میں تارکینِ وطن کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والا ابریں گروپ نے بتایا ہے کہ حادثے میں 10 افراد زندہ بچ گئے۔ یہ حادثہ 12 جون کو بحیرۂ روم میں شمالی افریقی ملک کے مشرقی حصے کے قریب پیش آیا۔مشرقی شہر طبرق میں لیبیا کے ساحلی محافظ دستے اور ہلالِ احمر نے اطلاع دی کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاشیں بہہ کر ساحل کے قریب آنا شروع ہو گئی ہیں۔ ساحلی محافظوں نے ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں امدادی ٹیموں کو سفید کفن نما تھیلوں میں لاشیں ساحل پر لاتے ہوئے دکھایا گیا۔بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرین کے مطابق یکم جنوری سے 16 مئی کے درمیان بحیرۂ روم کے وسطی راستے میں 800 سے زائد تارکینِ وطن ہلاک یا لاپتہ ہوئے۔ تنظیم نے کہا کہ گزشتہ سال اس راستے پر 1,300 سے زیادہ افراد جان سے گئے یا لاپتہ ہو گئے تھے۔