لیبیا کے ساحل سے556 غیر قانونی تارکین وطن کو بچایا گیا، یو این ایچ سی آر

146

طرابلس۔4اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نےکہا ہے کہ گزشتہ روز لیبیا کے ساحل سےدو مختلف کارروائیوں کے دوران 556 غیر قانونی تارکین وطن کو بچا لیا گیا ہے۔

چینی خبر رساں ادارے نےیو این ایچ سی آر کی ایک ٹویٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ پہلی کارروائی کے دوران لیبیا کی کوسٹ گارڈز نے ریسکیو آپریشن کے دوران سمندر میں ایک کشتی کو روکا جس میں 500 غیر قانونی تارکین وطن سوار تھے جن میں خواتین اور بچے شامل تھے جن کو بچا لیا گیا جبکہ دوسری کارروائی کے دوران 56 تارکین وطن جن کی ربڑ کی کشتی کا انجن سمندر میں خراب ہو گیا تھاکو بچاکر طرابلس نیول بیس منتقل کیا گیا ہے۔

جہاں پریو این ایچ سی آر اور اس کے طبی پارٹنر آئی آر سی نے ان تارکین وطن کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی ہے۔انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مطابق رواں سال اب ہزاروں کی تعداد میں غیر قانونی تارکین وطن کو بچایا جا چکا ہے جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں جبکہ سینکڑوں دیگر افراد بحیرہ روم کےراستے میں ہلاک اور لاپتہ ہو ئے ہیں۔