لیسکو کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری،10ملزمان گرفتار

142
Electricity thief arrested
Electricity thief arrested

لاہور۔2اپریل (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے رمضان المبارک میں بھی بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 10 ملزمان کو بجلی چوری کرتے ہوئے گرفتار کرلیاگیا، مجموعی طور پر392 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے 172 کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ترجمان کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں 16 کمرشل،4 زرعی اور372 ڈومیسٹک تھے جن کو منقطع کرکے مالکان کو 2 لاکھ 97 ہزار 3 سو 72 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 83 لاکھ 54 ہزار3سو62 روپے ہے۔

بجلی چوروں کےخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ ٹائون شپ کے علاقے میں کنکشن کو 2 لاکھ 50 ہزار روپے، کھڈیاں کے علاقے میں کنکشن کو2 لاکھ 23 ہزارروپے،ٹائون شپ کے علاقے میں ایک ملزم کو 2 لاکھ روپے اور چونیاں کے علاقے میں ایک ملزم کو 1لاکھ 23 ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔ انسداد بجلی چوری مہم کو 197 روزمکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 69 ہزار 627ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 67 ہزار662 ملزمان کےخلاف مقدمات درج کروا کر 28 ہزار804 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

بجلی چوروں کو اب تک 8 کروڑ 61 لاکھ 64 ہزار947 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3ارب 25 کروڑ 53 لاکھ 82 ہزار 185روپے ہے۔لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنےوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔