لیسکو کی بجلی چوروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی، سا بق رکن اسمبلی سمیت متعدد بااثر شخصیات کو بجلی چوری کرتے پکڑ گیا

67
چیف ایگزیکٹو لیسکو کی زیر صدارت فنکشنل ہیڈز کا اجلاس، صارفین کو معیاری خدمات فراہم کرنے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اہم فیصلے

لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے، مہم کے دوران بجلی چوروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جارہی ہے، ا س سلسلے میں لیسکو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے سابق رکن پنجاب اسمبلی الطاف ورک کو بجلی چوری کرتے پکڑ لیا، ملزم الطاف ورک لیسکو کی ڈائریکٹ سپلائی سے کنڈے کے ذریعے بجلی چوری کرکے گھر اور ڈیرے کو سپلائی کر رہا تھا، بجلی چوری میں استعمال ہونے والی تاریں قبضے میں لے کر اندارج مقدمہ کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔

لاہور میں لیاقت آباد سب ڈویژن کے علاقے میں سابق یو سی چیئرمین چوہدری بابر علی ایڈووکیٹ بجلی چوری میں ملوث پایا گیا، ملزم ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کرکے 12فلیٹس کو سپلائی کرکے رہا تھا جبکہ ملزم کی جانب سے فی فلیٹ 10ہزار روپے بھی وصول کیے جارہے تھے۔ ملزم بابر چوہدری کے خلاف 12ایف آئی آرز رجسٹرڈ کروا دی گئی ہیں جبکہ موقع سے 5افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اوکاڑہ کے علاقے میں سردار قیصر کا چچا بھی بجلی چوری میں ملوث نکلا، ملزم میٹر ٹمپر کرکے بجلی چوری کر رہا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سردار قیصربھی بجلی چوری کرتے پکڑا گیا تھا۔ واپڈا ٹائون سب ڈویژن کے علاقے میں معروف ایل سی ڈی ساز کمپنی ٹی سی ایل کے سروسز سنٹر میں بھی بجلی چوری پکڑی گئی، ملزمان لیسکو کی ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کرکے 3اے سی چلا رہے تھے۔ اسی طرح راوی روڈ کے علاقے میں پلاسٹک فیکٹری بجلی چوری میں ملوث پائی گئی، ملزمان کو 140160یونٹس ڈٹیکشن بل چارج کرکے مقدمہ درج کروادیا گیا ہے۔