لاہور۔15مئی (اے پی پی):لیسکو نے بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 21 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں مجموعی طور پر412 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے138 کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 17 کمرشل، ایک زرعی اور 394 گھریلو تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے بجلی چوروں کو2 لاکھ 90 908یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت83لاکھ28 ہزار809 روپے ہے۔
اس دوران بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشن منقطع کر کے انہیں ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔عباس نگر کے علاقے میں بجلی چوری میں ملوث کنکشن کوایک لاکھ 92ہزار روپے،شاہدرہ کے علاقے میں کنکشن کو ایک لاکھ 80 ہزار روپے،مسلم پارک کے علاقے میں کنکشن کو ایک لاکھ 74ہزار روپے اور فلور مل کے علاقے میں ملزم کوایک لاکھ 55ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔انسداد بجلی چوری مہم کو 235روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل80 ہزار281 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،75 ہزار731 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر 30 ہزار649ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
بجلی چوروں کو اب تک9 کروڑ45 لاکھ 96 ہزار581 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3ارب47 کروڑ60 لاکھ66 ہزار39روپے ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے کہاکہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنے والے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔