اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):بنگلہ دیشی فوج کے پرنسپل سٹاف افسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ہیڈکوارٹرز میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے معزز مہمان کو این ای او سی کے صلاحیتی دائرہ کار اور لائحہ عمل کے بارے تفصیلاً آگاہ کیا جہاں متعدد سیٹلائٹ فیڈز، سافٹ ویئر ایپلی کیشنز اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کا بھر پور انداز میں فائدہ اٹھا یا جا رہا ہے، یہ وسائل نہ صرف این ای او سی کو ایک نیشنل کامن آپریٹنگ پکچرکی تشکیل میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ خطرے کی تشخیص، قبل از وقت وارننگ سسٹم، خطرے سے متعلق معلومات اور تیاری کی حکمت عملی بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق این ڈی ایم اے ٹیم نے اس دوران آپریشنل طریقہ کار اورآفات سے نمٹنے کے شعبہ میں این ڈی ایم اے کے مرکزی کردار کے بارے میں وفد کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کہ این ای او سی کا قبل از وقت انتباہی نظام نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر علاقائی ممالک کے بھی آفات سے نمٹنے کے شعبہ میں معاون ثابت ہو سکتاہے۔ اس موقع پر قبل از وقت انتباہی نظام اور آفات سے نمٹنے کی موثر تیاری کے لئے دو طرفہ تعاون پر زور دیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن نے بنگلہ دیشی فوج کے سینئر افسران کے ہمراہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لئے پاکستان کے فعال کردار اوراین ای او سی کے قابل قدر ماڈل کو سراہا۔انہوں نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو بڑھانے اور ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن (ڈی آر آر ) میں باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے اوراین ڈی ایم اے کے ساتھ مشترکہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ مشقیں شروع کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے این ڈی ایم اے حکام کو بنگلہ دیش کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔