لیلۃ القدر کی عظیم رات میں بندے کو اپنے رب کے حضور عاجزی کے ساتھ جھک کر اپنے گناہوں کی بخشش مانگنی چاہیے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا لیلۃ القدر کے بابرکت موقع پر پیغام

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے لیلۃ القدر کے بابرکت موقع پر پوری امت مسلمہ بالخصوص اہل پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم رات اللہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمتوں، مغفرت اور برکتوں سے بھرپور ہے اور اس رات میں بندے کو اپنے رب کے حضور عاجزی کے ساتھ جھک کر اپنے گناہوں کی بخشش مانگنی چاہیے۔

اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے لیلۃ القدر کے بابرکت موقع پر پوری امت مسلمہ بالخصوص اہل پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم رات اللہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمتوں، مغفرت اور برکتوں سے بھرپور ہے اور اس رات میں بندے کو اپنے رب کے حضور عاجزی کے ساتھ جھک کر اپنے گناہوں کی بخشش مانگنی چاہیے۔لیلۃ القدر کے بابرکت موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ لیلۃ القدر وہ مقدس رات ہے جسے اللہ تعالیٰ نے ہزار مہینوں سے افضل قرار دیا ہے، اس بابرکت موقع پر ہمیں اللہ تعالیٰ سے اپنے گزشتہ گناہوں کی معافی طلب کرنی چاہیے اور آئندہ زندگی کو نیکی، دیانت اور انسانیت کی خدمت کے اصولوں کے مطابق گزارنے کا عہد کرنا چاہیے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ عبادت، صبر، ایثار اور روحانی تربیت کا پیغام لے کر آتا ہے۔ اس رات میں کی جانے والی دعائیں اور عبادات اللہ تعالیٰ کی رحمت کو متوجہ کرتی ہیں اور انسان کی زندگی میں روحانی پاکیزگی اور اصلاح کا سبب بنتی ہیں۔انہوں نے اہل پاکستان سے خصوصی اپیل کی کہ اس بابرکت رات میں ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا کی جائے کہ وہ پاکستان کو استحکام عطا فرمائے، قوم کو اتحاد اور یکجہتی کی نعمت سے نوازے اور ملک کو ہر قسم کے چیلنجز سے محفوظ رکھے۔

چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ہمیں اس مقدس رات کو غنیمت جانتے ہوئے اپنے دلوں کو نفرت، تعصب اور اختلافات سے پاک کرنا چاہیے اور محبت، بھائی چارے اور رواداری کو فروغ دینا چاہیے تاکہ معاشرے میں ہم آہنگی اور امن کو مضبوط بنایا جا سکے۔آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ لیلۃ القدر کے صدقے پوری امت مسلمہ کی عبادات اور دعائوں کو قبول فرمائے، سب کے گناہ معاف فرمائے اور پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور دائمی امن عطا کرے، آمین۔