لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں متعدد مقاما ت پر متأثرہ شاہرائے نیلم کو بحال رکھنے کے لیے محکمہ شاہرات مصروف عمل ہے، ڈپٹی کمشنر سردار طاہر محمود

134

نیلم۔21اپریل (اے پی پی):چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نیلم/ڈپٹی کمشنر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں متعدد مقاما ت پر متأثرہ شاہرائے نیلم کو بحال رکھنے کے لئے محکمہ شاہرات مصروف عمل ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے مرکزی کنٹرول روم سے رابطہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، عوام غیر ضروری بالخصوص رات کے اوقات کار میں سفر سے اجتناب کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاح نیلم کا سفر اختیار کرنے سے پہلے ضروری حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سفر اختیار کرنے سے پہلے گاڑی کا مکینیکل چیک اپ کروائیں، سفر کے دوران تیز رفتاری سے اجتناب برتیں اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال ہر گز نہ کریں، لانگ ڈرائیو حادثے کا سبب بن سکتی ہے ،سفر کے دوران مختلف مقامات پر آرام کریں تا کہ تھکاوٹ کو کم سے کم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ شاہرائے نیلم سیماری، دنجر، لوات، دواریاں، کیل سیری اور مارگلہ کے مقامات پر ایکٹیو لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے جس کو بحال رکھنے کے لیے محکمہ شاہرات کا عملہ مشینری کے ہمراہ موقع پر موجود ہے۔