لیورپول۔13جنوری (اے پی پی):لیورپول کے ہیڈ کوچ آرنے سلاٹ نے ایف اے کپ کے میچ میں ڈومینک سزوبوسلائی کی ایک غیر ضروری اور عجیب غلطی پر سخت ناراضی کا اظہار کیا، اگرچہ ریڈز نے پیر کی شب تیسرے درجے کی ٹیم بارنسلے کو 1-4 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔اے ایف پی کے مطابق اینفیلڈ میں کھیلے گئے میچ میں ہنگری کے مڈفیلڈر سزو …
لیورپول کی ایف اے کپ میچ میں جیت کے باوجود سزوبوسلائی کی عجیب غلطی پر کوچ آرنے سلاٹ برہم

مزید خبریں
لیورپول۔13جنوری (اے پی پی):لیورپول کے ہیڈ کوچ آرنے سلاٹ نے ایف اے کپ کے میچ میں ڈومینک سزوبوسلائی کی ایک غیر ضروری اور عجیب غلطی پر سخت ناراضی کا اظہار کیا، اگرچہ ریڈز نے پیر کی شب تیسرے درجے کی ٹیم بارنسلے کو 1-4 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔اے ایف پی کے مطابق اینفیلڈ میں کھیلے گئے میچ میں ہنگری کے مڈفیلڈر سزو بوسلائی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے طویل فاصلے سے ایک زبردست شاٹ کے ذریعے لیورپول کو برتری دلائی، جس کے بعد جیریمی فرِمپونگ نے برتری دگنی کر دی۔ تاہم اسی سزوبوسلائی کی ایک لاپرواہ حرکت نے بارنسلے کو میچ میں واپس آنے کا موقع فراہم کیا۔
اپنے ہی پنالٹی ایریا میں بیک ہیل کھیلنے کی ناکام کوشش کے دوران سزوبوسلائی سے گیند چھوٹ گئی، جسے ایڈم فلپس نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے جال میں پہنچا دیا۔ بارنسلے کے کوچ کونر آورہیین نے اس حرکت کو بے احترامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سزوبوسلائی شاید پریمیئر لیگ کے میچ میں ایسی کوشش نہ کرتے۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے لیورپول کے کوچ آرنے سلاٹ نے بھی اپنے مڈفیلڈر پر تنقید کی۔ان کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال کہ ایسی حرکت ایف اے کپ، لیگ کپ، دوستانہ میچ یا حتیٰ کہ ٹریننگ میں بھی کی جانی چاہیے۔
یہ ایک عجیب فیصلہ تھا۔ میری اس پر رائے ہے، لیکن میں اسے میڈیا کے بجائے ڈوم کے ساتھ نجی طور پر شیئر کرنا بہتر سمجھتا ہوں۔بارنسلے نے دوسرے ہاف میں ایک پنالٹی نہ ملنے پر بھی احتجاج کیا، جب ریئس کلیری کو سزوبوسلائی کے ہاتھوں گرایا گیا، تاہم ریفری نے کھیل جاری رکھا۔آرنے سلاٹ نے کہاہم نے خوبصورت گول کیے، لیکن کافی دیر تک مقابلہ سخت رہا۔ دو صفر کی برتری کے بعد اس طرح کا گول دینا ہمیں آخری 10منٹ تک مشکل میں رکھے رہا۔اس فتح کے نتیجے میں لیورپول کو ایف اے کپ کے چوتھے راؤنڈ میں برائٹن کے خلاف ہوم میچ ملے گا، جو اس سے قبل مانچسٹر یونائیٹڈ کو شکست دے چکے ہیں۔








