مائیکرو سرٹس اور پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کا ایچ ایس کے سے ہم آہنگ چینی زبان کی اسناد کے اجراء کے لیے اشتراک

پاکستان کے قومی ڈیجیٹل سکلز سرٹیفکیشن پلیٹ فارم اور اے ایکس آئی سسٹمز (ایس او ای) کے ذیلی ادارے مائیکرو سرٹس (MicroCerts)نے پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ (پی سی آئی) کے ساتھ ایچ ایس کے سے ہم آہنگ چینی زبان کی اسناد کے اجراء کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):پاکستان کے قومی ڈیجیٹل سکلز سرٹیفکیشن پلیٹ فارم اور اے ایکس آئی سسٹمز (ایس او ای) کے ذیلی ادارے مائیکرو سرٹس (MicroCerts)نے پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ (پی سی آئی) کے ساتھ ایچ ایس کے سے ہم آہنگ چینی زبان کی اسناد کے اجراء کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق شراکت داری کے تحت پی سی آئی، مائیکرو سرٹس کی جانب سے تیار کردہ ایچ ایس کے سے ہم آہنگ چینی زبان کی سرٹیفکیشن کے چار ماڈیولز کا ماہرین کی جانب سے تعلیمی جائزہ فراہم کرے گا جس کے بعد انہیں پلیٹ فارم کے ذریعے ملک بھر میں متعارف کرایا جائے گا۔ایم او یو پر مائیکرو سرٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران بھٹی اور پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مصطفیٰ حیدر سید نے اسلام آباد میں مائیکرو سرٹس کے دفتر میں منعقدہ تقریب کے دوران دستخط کیے۔مائیکرو سرٹس نے چینی زبان کی مہارت کے ایچ ایس کے فریم ورک سے ہم آہنگ چار سرٹیفکیشن ماڈیولز تیار کیے ہیں جن میں ایچ ایس کے 1 (فائونڈیشن مینڈارن)(Foundation Mandarin)، ایچ ایس کے 2 (ایلیمنٹری مینڈارن)، ایچ ایس کے 3 (انٹرمیڈیٹ مینڈارن) اور ایچ ایس کے 4 (اپر انٹرمیڈیٹ مینڈارن) شامل ہیں۔ان ماڈیولز کا مقصد معیاری اور طے شدہ معیار سے ہم آہنگ مینڈارن زبان کی اسناد فراہم کرنا اور تعلیمی و پیشہ ورانہ اہداف کے حصول میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

یہ سرٹیفکیشن خصوصی طور پر ان طلبہ اور سکالرشپ کے امیدواروں کے لیے تیار کی گئی ہیں جو چین میں تعلیم حاصل کرنے کی تیاری کر رہے ہیں جبکہ ان پیشہ ور افراد کے لیے بھی مفید ہوں گی جو پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں اور چین سے متعلق دیگر شعبوں میں مواقع کے خواہاں ہیں۔پی سی آئی کے ساتھ تعاون سرٹیفکیشن ماڈیولز میں ماہرین کی جانب سے تعلیمی جائزے کی ایک اضافی سطح فراہم کرے گا جس سے اس امر کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی کہ مواد متعلقہ، جامع اور ایچ ایس کے فریم ورک سے وابستہ تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں پی سی آئی کی جانب سے تہذیب حسین برچہ نے شرکت کی جبکہ مائیکرو سرٹس کی ٹیم کے ارکان میں پروگرام مینجر سمر امین، مینجر سرٹیفکیشنز صمیعہ برہان، برانڈ اینڈ مارکیٹنگ سپیشلسٹ کاچو مدثر، آپریشنز اینڈ گروتھ کوآرڈینیٹر خواجہ احمد، فل سٹیک ڈویلپر فیصل بخاری اور کریکولم اینڈ کنٹینٹ ڈویلپمنٹ آفیسر مقدس شوکت شامل تھے۔یہ شراکت داری ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے چینی زبان سیکھنے اور سرٹیفکیشن کے مواقع تک رسائی کو وسعت دینے کی جانب ایک قدم ہے جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلیمی اور پیشہ ورانہ روابط کو بھی فروغ دے گی۔

پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ ایک غیر سرکاری، غیر جماعتی تھنک ٹینک ہے جو نوجوانوں، خواتین، تعلیم، سفارت کاری، دفاع، توانائی، معیشت اور ماحولیات سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے لیے کام کرتا ہے۔