مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نے ہر مشکل دور میں آئین، جمہوریت اور عوامی حق حکمرانی کا پرچم بلند رکھا، سینیٹر روبینہ خالد

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نے ہر مشکل دور میں آئین، جمہوریت اور عوامی حق حکمرانی کا پرچم بلند رکھا۔ جمعرات کو بی آئی ایس پی سے جاری بیان کے مطابق مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 59 ویں برسی کے موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ مادر ملت کا کردار خواتین کی خودمختاری، قومی وقار …

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نے ہر مشکل دور میں آئین، جمہوریت اور عوامی حق حکمرانی کا پرچم بلند رکھا۔ جمعرات کو بی آئی ایس پی سے جاری بیان کے مطابق مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 59 ویں برسی کے موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ مادر ملت کا کردار خواتین کی خودمختاری، قومی وقار اور عوامی خدمت کا درخشاں استعارہ ہے،محترمہ فاطمہ جناح کی جدوجہد اس حقیقت کی یاد دلاتی ہے کہ مضبوط پاکستان کی بنیاد جمہوریت اور آئین کی پاسداری میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مادر ملت کی سیاسی بصیرت اور قومی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ عوامی خدمت، قومی اتحاد اور جمہوری روایات کا فروغ ہی مادر ملت کو حقیقی خراج عقیدت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام خواتین کو بااختیار بنا کر مادر ملت کے عوامی خدمت کے وژن کو آگے بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے ایصال ثواب، درجات کی بلندی اور ملک کی ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی ۔