مالی سال27۔ 2026 خیبرپختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا، وزیراعلی سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی نے مالی سال27۔ 2026 کے بجٹ کی منظوری پر تمام اراکین اسمبلی، مشیر خزانہ، متعلقہ محکموں اور بجٹ کی تیاری میں شامل ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہترین بجٹ مرتب کرنے پر وہ سب کو سلام پیش کرتے ہیں۔

پشاور۔ 24 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی نے مالی سال27۔ 2026 کے بجٹ کی منظوری پر تمام اراکین اسمبلی، مشیر خزانہ، متعلقہ محکموں اور بجٹ کی تیاری میں شامل ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہترین بجٹ مرتب کرنے پر وہ سب کو سلام پیش کرتے ہیں۔ صوبائی اسمبلی میں بجٹ منظوری کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2024 میں صوبے کی ٹیکس وصولیاں 66 ارب روپے تھیں جو حکومت کے پہلے سال 93 ارب اور اب 129 ارب روپے تک پہنچ چکی ہیں، جبکہ انہیں 182 ارب روپے تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مالی سال 27۔2026 کے بجٹ میں تمام ترجیحی شعبوں کے لیے وسائل مختص کئے گئے ہیں۔ گزشتہ سال ترقیاتی بجٹ 195 ارب روپے تھا جسے بڑھا کر 235 ارب روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کو 40 ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں تاکہ فورس کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے۔ وزیراعلی ٰ نے پشاور، ہزارہ، مردان، قبائلی اضلاع اور جنوبی اضلاع کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیجز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع کو بلاامتیاز ان کا حق دیا جائے گا۔

انہوں نے پشاور تا ڈیرہ موٹروے، دیر موٹروے، سوات ایکسپریس وے اور کمراٹ مین روڈ کو ترجیحی منصوبے قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ بزرگ شہریوں کے لیے بی آر ٹی میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ’’انصاف سفر کارڈ‘‘ متعارف کرایا جائے گا۔خطاب کے دوران وزیراعلیٰ نے اپنے سکیورٹی گارڈ عارف خٹک کو اپنی نشست پر بلا کر شاباش دی اور کہا کہ اس نے بانی پی ٹی آئی کو بہترین سکیورٹی فراہم کی تھی جس پر اپوزیشن ارکان نے شدید نعرے بازی کی جس کے جواب میں حکومتی ارکان نے بھی نعرے لگائے، جس سے ایوان کا ماحول کشیدہ ہو گیا اور کچھ دیر تک کارروائی شور شرابے کی نذر رہی۔

سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ناانصافی کا بھی الزام عائد کیا اور کہا کہ عدلیہ اس معاملے پر توجہ دے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت قبائلی اضلاع اور جنوبی علاقوں کی ترقی کے لیے اپنے وسائل استعمال کرے گی اور اگر وفاق نے تعاون نہ کیا تو اہم منصوبے صوبائی وسائل سے مکمل کیے جائیں گے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جولائی سے ترقیاتی منصوبوں پر عملی کام شروع ہو جائے گا اور مالی سال 27 ۔2026 خیبرپختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔

 

مزید خبریں