
اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) پاکستان کی تینوں مسلح افواج نے 78ویں یوم پاکستان پر بھر پور دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار مشترکہ پریڈ کا انعقاد کیا جس میںپہلی مرتبہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) کے دستے ،اردن کے ملٹری بینڈ ،پیرا شوٹرز ،ترکی ایئر فورس کے دستے نے اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کی جو ان ممالک کے ساتھ گہری باہمی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پریڈ کے اعزازی مہمان سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا تھے اورمصر کے مفتی اعظم نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ انڈین دفاعی اتاشی نے پہلی بار تقریب میں شرکت کی ۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور نے فلائی پاسٹ جبکہ ایس ایس جی کمانڈنگ آفیسر میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ نے فری فال جمپنگ کی قیادت کی ۔پاک فضائیہ کے جے ایف 17تھنڈر‘ایف 16اور شیر دل فارمیشن نے افق پر خوبصورت رنگ بکھیرتے ہوئے خوبصورت فضائی کرتب کا مظاہرہ کیا ۔جمعہ کو78ویں یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کے پریڈ گراﺅنڈ میں شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا ۔صدر مملکت ممنون حسین اس تقریب کے مہمان خصوصی جبکہ سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا اعزازی مہمان تھے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ،بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ،پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی ،وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان ، اراکین پارلیمنٹ ‘غیر ملکی مندوبین‘ سفیروں‘ہائی کمشنروں،ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور پاکستانی فنکاروں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے پریڈ میں شرکت کی۔