قاہرہ۔4فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے قاہرہ میں عرب انسدادِ دہشت گردی ماہرین گروپ کے اجلاس میں شرکت کی ۔منگل کو امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات نےقاہرہ میں عرب لیگ کے صدر دفتر میں منعقدہ 36ویں اجلاس برائے انسدادِ دہشت گردی ماہرین گروپ کے اجلاس میں شرکت کی ہے۔
اجلاس کے ساتھ ایک خصوصی ورکشاپ بھی منعقد کی گئی، جس میں دہشت گرد گروہوں کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک گیمز کے ذریعے بچوں کی بھرتی کو روکنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عرب انسدادِ دہشت گردی ماہرین گروپ کی تکنیکی سیکرٹریٹ کی سربراہ اور عرب لیگ کے قانونی امور کے شعبے کی ڈائریکٹر، سفیر ڈاکٹر ماہا بخیت نے کہا کہ اجلاس میں تیونس میں منعقدہ عرب وزرائے داخلہ کونسل کے 35ویں اجلاس کی سفارشات پر عمل درآمد کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں اقوامِ متحدہ، اس کے متعلقہ اداروں اور دیگر بین الاقوامی و علاقائی تنظیموں کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی بات چیت کی گئی۔ڈاکٹر ماہا بخیت نے کہا کہ اجلاس میں عرب ممالک کی جانب سے دہشت گردانہ کارروائیوں میں ڈرونز کے استعمال کو روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات اور ان کے تجربات کا بھی جائزہ لیا گیا، جو مشترکہ عرب سیکیورٹی تعاون کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=555826