محتسب پنجاب کے احکامات پر 20 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کی 300 کنال سرکاری اراضی واگزار

محتسب پنجاب کے احکامات پر مختلف سرکاری محکموں کی 300 کنال اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرا لی گئی، جس کی موجودہ مارکیٹ مالیت 20 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

لاہور۔7جولائی (اے پی پی):محتسب پنجاب کے احکامات پر مختلف سرکاری محکموں کی ملکیت300 کنال اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروا لی گئی جس کی موجودہ مارکیٹ مالیت20 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔

ترجمان دفتر محتسب پنجاب کے مطابق مذکورہ اراضی پر عرصہ دراز سے غیر قانونی قبضہ قائم تھا،تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ متعلقہ سرکاری محکمے طویل عرصے سے ناجائز قابضین کے انخلا کے لیے کوششیں کر رہے تھے،تاہم موثر پیش رفت نہ ہو سکی۔بعدازاں ،محتسب پنجاب کی مداخلت اور احکامات پر قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اراضی کو واگزار کرا لیا گیا۔ترجمان کے مطابق کارروائی سے قبل قانون کے مطابق اراضی کی نشاندہی اور حدبندی کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔ محتسب پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ واگزار کرائی گئی اراضی پر دوبارہ قبضے یا تجاوزات کی روک تھام کے لیے تمام ضروری حفاظتی اور قانونی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ترجمان نے کہا کہ سرکاری اراضی کو ناجائز قبضے سے واگزار کرانے کی یہ کارروائی قانون کی عملداری، ریاستی املاک کے تحفظ اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے محتسب پنجاب کے غیر جانبدار اور موثر کردار کی ایک اور نمایاں مثال ہے۔شکایت کنندگان اور مقامی شہریوں نے بروقت کارروائی پر محتسب پنجاب کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے قانون کی بالادستی کے فروغ اور سرکاری املاک کے تحفظ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔