مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سرپرست اعلی و صدر انجمن تاجران سٹی فیصل آباد خواجہ شاہد رزاق سکا نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضابرقرار رکھنے کے لئے اتحاد،اتفاق، محبت اور یگانگت کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔
محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضابرقرار رکھنے کیلئے اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرنا چاہیے،خواجہ شاہد رزاق سکا

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 16 جون (اے پی پی):مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سرپرست اعلی و صدر انجمن تاجران سٹی فیصل آباد خواجہ شاہد رزاق سکا نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضابرقرار رکھنے کے لئے اتحاد،اتفاق، محبت اور یگانگت کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ یکم محرم الحرام حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ اور10 محرم الحرام کو نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی کی شہادت کا دن ہے ۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے حساس ایام کا تقاضہ ہے کہ ان ایام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضابرقرار رکھنے کےلئے اتحاد،اتفاق،پیار و محبت اور یگانگت کا مظاہرہ کرنا چاہئے کیونکہ اسلام و ملک دشمن عناصر ہمارے اتحاد میں رخنہ اندازی کرکے بدامنی پھیلانے کی کوشش کر سکتے ہیں جسے ناکام بنانے اور امن و امان کے قیام کےلئے ہر محب وطن شہری کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے پولیس وضلعی انتظامیہ اور محرم الحرام کی ڈیوٹی کرنے والے تمام اداروں سے بھر پور تعاون کرنا چاہئے۔
انہوں نےشہر بھر کے تاجر ساتھیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ امن و سلامتی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کےلئے حکومت وضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی نہ صرف خود پابندی کریں بلکہ دوست احباب اور دیگر تمام لوگوں سے اس کی پابندی کرائیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کا کوئی بھی شہر فرقہ واریت یا فسادات کامتحمل نہیں ہوسکتا۔








