محرم الحرام میں قانون کی عملداری اور امن و امان کی صورت حال قائم رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ،ڈی پی او سیالکوٹ

144
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ محمد حسن اقبال

سیالکوٹ۔11جولائی (اے پی پی):ڈسٹر کٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)سیالکوٹ محمد حسن اقبال نے کہا ہے کہ امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے، محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ،جلوسوں اور مجالس کے دوران بڑی تعداد میں نفری تعینات کی گئی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ شب امام بارگاہ اڈہ پسروریاں اور شہر کے مختلف علاقوں کے دورہ کے دوران کیا ۔اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن غلام عباس ڈی ایس پی سرکل ہائے، ڈی ایس پی ٹریفک، ایس ایچ اوز، انچارج سکیورٹی اور دیگر پولیس افسران بھی ہمراہ تھے۔

اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ نے محرم الحرام کے دوران ضلع کی سکیورٹی اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے موقع پر مشکوک افراد پر گہری نظر رکھی جائے اور فول پروف سکیورٹی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے راستوں کو خاردار تاروں اور رکاوٹوں سے محفوظ بنایا جائے اور شرکا کو میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس سے چیک کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں سے التماس ہے کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ڈی پی او سیالکوٹ نے کہا کہ قانون کی عملداری اور امن و امان کی صورت حال قائم رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔