محرم الحرام ہمیں ایثار، اتحاد اور امن کا درس دیتا ہے،صوبائی مشیر محنت و افرادی قوت

محرم الحرام ہمیں ایثار، اتحاد اور امن کا درس دیتا ہے،صوبائی مشیر محنت و افرادی قوت

ڈیرہ مراد جمالی۔ 26 جون (اے پی پی):صوبائی مشیر محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام اسلامی سال کا نہایت مقدس اور بابرکت مہینہ ہے، جو ہمیں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ ایثار، قربانی، صبر، اتحاد، بھائی چارے اور حق و سچ پر ثابت قدم رہنے کا عملی درس دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کربلا پوری انسانیت کے لیے ایک روشن مثال ہے، جہاں حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے دین اسلام کی سربلندی، انصاف اور حق کی خاطر لازوال قربانیاں پیش کیں،آج کے دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان عظیم تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں اور معاشرے میں محبت، برداشت، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیں۔

سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، مشائخ، عوام اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کریں اور ایسے ہر عمل سے گریز کریں جس سے فرقہ واریت یا انتشار کو ہوا ملے۔