محرم کے دوران سکیورٹی و دیگر آپریشنز کی کامیابی سے تکمیل پر محکمہ داخلہ پنجاب میں تقریبِ تقسیمِ اسناد

محرم الحرام کے دوران سکیورٹی و دیگر آپریشنز کی کامیابی سے تکمیل پر محکمہ داخلہ پنجاب میں تقریبِ تقسیمِ اسناد کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے دوران سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے محرم الحرام میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

لاہور۔10جولائی (اے پی پی):محرم الحرام کے دوران سکیورٹی و دیگر آپریشنز کی کامیابی سے تکمیل پر محکمہ داخلہ پنجاب میں تقریبِ تقسیمِ اسناد کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے دوران سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے محرم الحرام میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے محرم الحرام کے دوران بہترین فرائض سر انجام دینے والے افسران و اہلکاروں کو بھرپور سراہا اور کہا کہ صوبہ بھر میں قیام امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ ،عشرہ محرم الحرام کے دوران محکمہ داخلہ کا مرکزی کنٹرول روم 24/7 پنجاب بھر سے رپورٹس لیتا رہا۔

ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ محکمہ داخلہ کے ڈیجیٹل میڈیا سیل نے 5 ہزار سے زائد فرقہ وارانہ نفرت آمیز سوشل میڈیا اکائونٹس پی ٹی اے کو رپورٹ کیے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ کا محرم پورٹل پنجاب بھر کی تازہ صورتحال جانچنے کیلئے معاونت کرتا رہا۔ عشرہ محرم الحرام کی طرح چہلم کیلئے بھی سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سپیس میں انتشار کی روک تھام کیلئے بھرپور سائبر پٹرولنگ کی جا رہی ہے۔

سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے، سوشل میڈیا پر فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر سے سختی سے نمٹ رہے ہیں ۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ عاصمہ اعجاز چیمہ، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ماہم آصف ملک، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو عبدالرئوف، ڈائریکٹر سول ڈیفنس تسنیم علی خان اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔