محمد رضوان کیلنڈر ایئر 2021 کے سب سے قیمتی کھلاڑی قرار

لاہور۔6جنوری (اے پی پی):وکٹ کیپرمحمد رضوان نے کیلنڈر ایئر 2021 ء کے سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ جیت لیا،ترجمان پی سی بی کے مطابق کیلنڈر ایئر 2021 ء میں وکٹوں کے پیچھے 56 شکار کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ میں 455 رنز،ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 134 رنز اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں ریکارڈ1326 رنز بنانے والے محمد رضوان نے سال کے سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ جیت …

لاہور۔6جنوری (اے پی پی):وکٹ کیپرمحمد رضوان نے کیلنڈر ایئر 2021 ء کے سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ جیت لیا،ترجمان پی سی بی کے مطابق کیلنڈر ایئر 2021 ء میں وکٹوں کے پیچھے 56 شکار کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ میں 455 رنز،ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 134 رنز اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں ریکارڈ1326 رنز بنانے والے محمد رضوان نے سال کے سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ جیت لیا ہے،اس ایوارڈ کیلئے محمد رضوان کے علاوہ بابر اعظم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کو نامزد کیا گیا تھا،

ترجمان کے مطابق سال 2021 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وکٹ کیپر و بیٹر محمد رضوان نے سال کے سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے کے علاوہ سال کے بہترین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے،اس حوالے سے محمد رضوان کا کہنا ہے کہ انہیں کیلنڈر ایئر 2021 ء کے سب سے قیمتی کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے پر فخر ہے اور وہ مطمئن ہیں کہ انہوں نے 2021 ء میں اپنی کارکردگی سے تمام فارمیٹس میں پاکستان کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا

،انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں یہ ان کا ایک غیر معمولی سال تھا جبکہ سال کے آغاز میں ہی انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں سنچری بنا ڈالی اور پھر اسی اعتماد کے ساتھ باقی سال بھی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا،اسی طرح9 ٹیسٹ میچز میں 41 وکٹیں حاصل کرنے پر فاسٹ بائولر حسن علی کو سال کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر قرار دیا گیا ہے،

انہوں نے اس سال ایک مرتبہ ایک اننگز میں 10 وکٹیں جبکہ پانچ مرتبہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دو پلیئر آف دی میچ اور ایک پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈز بھی جیتے،حسن علی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پانا ان کے لیے باعث فخر لمحہ ہے

، انہوں نے کہا کہ وہ 2021 ء میں نہ صرف بین الاقوامی کرکٹ میں کامیاب واپسی کرنے میں کامیاب رہے بلکہ گزشتہ سال انہوں نے ٹیم کی مجموعی کامیابی میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا،حسن علی نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 10 وکٹیں حاصل کرنا کیلنڈر ایئر 2021 میں ان کا یادگار لمحہ ہے

،پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو بھی 6 ون ڈے میچز میں 2 سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 405 رنز بنانے پر ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ہے،اسی طرح شاہین شاہ آفریدی کے24 اکتوبر کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 ء میں دبئی میں بھارت کے خلاف31 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے بالنگ اسپیل کو سال کا سب سے متاثرکن کارکردگی کا ایوارڈ دیا گیا ہے

،شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ عالمی ایونٹ میں روایتی حریف کے خلاف ان کے بالنگ اسپیل کے سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی کے طور پر منتخب ہونے پر وہ بہت خوش ہیں، انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے ہی ایک جارحانہ اور بے خوف آغاز درکار تھا اور انہیں خوشی ہے کہ وہ پاکستان کو ویسا ہی آغاز فراہم کرنے میں کامیاب رہے

،اسی طرح محمد وسیم جونیئر نے 2021 ء میں 45 وکٹیں لے کر ابھرتے ہوئے کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا ہے، اس میں 15 انٹرنیشنل وکٹیں بھی شامل ہیں، ندا ڈار کو بھی 604 رنز بنانے اور 25 وکٹیں لینے پر سال کی بہترین خاتون کرکٹر قرار دیا گیا،چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ وہ پی سی بی کی طرف سے ہر ایوارڈ جیتنے والے کو مبارکباد پیش کرتے ہیں

، یہ تمام کھلاڑی داد و تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے 2021 ء کے دوران شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی کرکٹ شائقین نے ان کی اس کارکردگی کا بڑے پیمانے پر اعتراف بھی کیا ہے۔