محمود احمد ساغر کا کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے سید علی گیلانی کی زندگی بھر کی جدوجہد کو خراج عقیدت

88

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی ایک عہد ساز شخصیت تھے جنہوں نے انتہائی حوصلے اور استقامت کے ساتھ بھارت کے خلاف تحریک آزادی کو آگے بڑھایا۔محمود احمد ساغر نے یہاں جاری اپنے ایک بیان میں سید علی گیلانی کو ان کی تیسری شہادت کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ممتاز رہنما کے انتقال سے پیدا ہونے والا سیاسی خلا پر نہیں کیا جا سکتا،سید علی گیلانی جبر کے خلاف مزاحمت کی علامت تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی طرف سے چھوڑی گئی قابل فخر میراث آنے والی نسلوں کے لیے مینارہ نور کا کام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کئی سالوں کی طویل آزمائشیں اور مصائب انہیں (گیلانی) کو آزادی کے اجتماعی مقصد کی پیروی سے باز نہیں رکھ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم رہنما نے اپنے راستے میں آنے والے ہر چیلنج کا بہادری سے مقابلہ کیا اور بھارتی جبر کے سامنے چٹان کی طرح کھڑے رہے۔محمود احمد ساغر نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کشمیر اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے وقف کر دی اور زندگی کی آخری سانس تک اپنے نظریے پر ڈٹے رہے۔انہوں نے کہا کہ اے پی ایچ سی کے سابق چیئرمین اپنی زندگی کا بیشتر حصہ قید اور نظر بند رہے لیکن یہ آزمائشیں اور مصائب کشمیر کی آزادی کے لیے ان کے لازوال جذبے کو کم نہیں کر سکے۔سید علی گیلانی کے مشن کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے محمود احمد ساغر نے کہا کہ حق خودارادیت کی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیری عوام بھارتی قبضے سے آزادی کا اپنا اہم مقصد حاصل نہیں کر لیتے۔