لاہور۔19نومبر (اے پی پی):سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک کی خصوصی ہدایت پر محکمہ کے زیر انتظام پنجاب میں سپورٹ ہنٹنگ کے فروغ اور کسی مخصوص علاقے کی انواع پر ہنٹنگ پریشرسے بچنے کیلئے یکم دسمبر 2023 تا 31جنوری2024 دو ماہ کیلئے تیتر کے قانونی شکار کی اجازت دینے کا اعلان کردیا گیا ہے ۔
ترجمان کے مطابق اس حوالے سے صوبہ کے تمام علاقائی ڈپٹی ڈائریکٹرز وائلڈ لائف کو ایک خصوصی مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں شکار مستند اسلحہ و شوٹنگ لائسنس کیساتھ محض اتوار والے دن شکار کیلئے اعلان کردہ کھلی تحصیلوں میں کھیلنے کی اجازت ہوگی
،ترجمان کے مطابق شکار کیلئے حسب ذیل علاقے بند ہوں گے، تمام اقسام کے پروٹیکٹڈ ایریاز، تمام پرائیویٹ وائلڈ لائف ریزروز ماسوائے مالک کی اجازت، دفاعی تنصیبات، بفر زونز، تھل پبلک وائلڈ لائف ریزرو کا علاقہ(گرین ایریاز چھوڑکر)جوکہ راجن پور، مظفر گڑھ، لیہ، بھکر اور جھنگ کے اضلاع میں شامل ہیں۔اسیطرح شکار کیلئے کالے، بھورے اور سی سی تیتر کی مقررہ حد وائلڈ لائف ایکٹ کے شیڈول ون کے مطابق ہوگی۔
خود کار ہتھیار یا کسی سروس کے زیر استعمال ہتھیار یا ایمونیشن، مسلح افواج، پولیس یا کسی دیگر فورس کے زیر استعمال گاڑی وغیرہ کے شکار میں استعمال پر ممانعت ہوگی۔ شکار میں مستند گن ڈاگ کے قبضہ لائسنس کی صورت میں استعمال کی اجازت ہوگی جبکہ گاڑی میں بیٹھ کریا کھڑے ہوکر شکار کی ممانعت ہوگی۔
ترجمان کے مطابق شکار حسب ذیل کھلی تحصیلوں میں کھیلنے کی اجازت ہوگی جسمیں تحصیل گوجر خان، ٹیکسلا، سوہاوہ، دینہ، چوآ سیدن شاہ، کلر کہار، عیسی خیل، قائد آباد، تحصیل بھکر، کلور کوٹ، تحصیل بہاولنگر، منچن آباد، فتح جنگ، حضرو، حسن ابدال، احمد پور شرقیہ، حاصل پور، جبکہ ضلع فیصل آباد، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، چنیوٹ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ،
گجرات/وزیرآباد، حافظ آباد، نارووال، منڈی بہائوالدین، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ،لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ، ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، لیہ، ڈی جی خان، مظفر گڑھ، راجن پور کی تمام تحصیلیں شامل ہیں تاہم ضلع رحیم یار خان کی تمام تحصیلیں تیتر کے شکار کیلئے بند ہیں۔ ترجمان کے مطابق تیتر کے شکار کے اس خصوصی مراسلے کی کاپی پاکستان رینجرز پنجاب، تمام ڈویژنل کمشنرز، تمام ڈی آئی جیز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔