محکمہ جنگلی حیات کا باجوڑ میں تیندوے کے غیر قانونی شکار کے واقعہ کا نوٹس

محکمہ جنگلی حیات خیبر پختونخوا نے ضلع باجوڑ کے سرحدی علاقے سپرے، مندوگئی، تحصیل وارہ ماموند میں ایک تیندوے کے غیر قانونی شکار کے افسوسناک واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

پشاور۔ 19 جولائی (اے پی پی):محکمہ جنگلی حیات خیبر پختونخوا نے ضلع باجوڑ کے سرحدی علاقے سپرے، مندوگئی، تحصیل وارہ ماموند میں ایک تیندوے کے غیر قانونی شکار کے افسوسناک واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈویژنل فارسٹ آفیسر وائلڈ لائف باجوڑ کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعہ افغانستان کی سرحد سے متصل ایک دشوار گزار اور دور افتادہ پہاڑی علاقے میں پیش آیا۔ اطلاع موصول ہوتے ہی متعلقہ رینج آفیسر اور فیلڈ اسٹاف کو فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ کیا گیا تاکہ تیندوے کی لاش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کیا جا سکے۔

محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبرپختونخوا کے ترجمان لطیف الرحمن نے کہا ہے کہ جنگلی حیات قدرت کا انمول سرمایہ اور ہماری حیاتیاتی تنوع کی بنیاد ہے۔ خیبر پختونخوا وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نایاب اور محفوظ جنگلی جانوروں کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ کسی بھی جنگلی جانور کے غیر قانونی شکار، اسمگلنگ یا قدرتی مسکن کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔