محکمہ داخلہ کی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس

کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 55 واں اجلاس، اہم حکومتی عہدیداران کی شرکت

لاہور۔23جون (اے پی پی):محکمہ داخلہ میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 55 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق اور کو چیئرمین بلال یاسین نے اجلاس میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی بلال احمد رانا نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے صوبہ بھر کے امن و امان کی تازہ صورتحال بارے بریفنگ دی۔ کابینہ کمیٹی نے صوبہ بھر کے امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ کے ساتھ ڈی جی خان ٹرائی بارڈر ایریا میں سکیورٹی انتظامات کیلئے جدید سامان کی خریداری کی منظوری دیتے ہوئے ریسکیو 1122 کیلئے80 ملین روپے سے زائد کے جدید سامان کی خریداری کے علاوہ11 مختلف کیسز کیلئے جے آئی ٹی کی تشکیل کے ساتھ ساتھ 14 مختلف کیسز میں پراسکیوشن اور کورٹ چالان جمع کروانے کی بھی منظوری دی، اس کے علاوہ مختلف اضلاع میں28 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ڈی نوٹیفائی جبکہ1 پرائس مجسٹریٹ کو نوٹیفائی کرنے کی منظوری دی۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں امن و امان کی تازہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بین الاقوامی سطح پر مذاکرات کے حوالہ سے پاکستان کو بڑی عزت و تکریم سے نوازا گیا۔ پولیس کے جوانوں کو بھی قیام امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے اس موقع پر کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوا ہے۔ تمام ادارے تسلسل کے ساتھ سکیورٹی انتظامات یقینی بنا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر کہا کہ قیام امن کیلئے تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ صوبہ بھر میں قیام امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ایڈیشنل آئی جی عمران، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل و متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری و ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، آر پی او وکمشنر ڈی جی خان، ڈی پی او و ڈپٹی کمشنر نے یڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید خبریں