محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کی جانب سے صوبے بھر میں انسدادِ گداگری مہم جاری

محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کی جانب سے صوبے بھر میں انسدادِ گداگری مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں تحصیل تاندلیانوالہ فیصل آباد میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیر اہتمام مریم پبلک سکول میں انسدادِ گداگری آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا،

لاہور۔20مئی (اے پی پی):محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کی جانب سے صوبے بھر میں انسدادِ گداگری مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں تحصیل تاندلیانوالہ فیصل آباد میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیر اہتمام مریم پبلک سکول میں انسدادِ گداگری آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ اور اساتذہ کو پیشہ ور گداگری کے سماجی و قانونی اثرات سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے زور دیا کہ مستحق افراد کی معاونت مستند فلاحی اداروں کے ذریعے کی جائے تاکہ پیشہ ور گداگری کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کمیونٹی ڈویلپمنٹ نےنوشہرہ میں پولیس کے تعاون سے انسدادِ گداگری کریک ڈائو ن میں حصہ لیا جس کے دوران ایک پیشہ ور گداگر کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کیا گیا، اسی طرح بھکر میں نو نیٹ کیش ٹو بیگرز مہم کے تحت مختلف آگاہی سرگرمیوں، واکس، پمفلٹس کی تقسیم اور تربیتی کونسلنگ سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ میڈیکل سوشل سروسز یونٹ کی جانب سے ٹی ایچ کیو ہسپتال کبیر والا میں انسدادِ گداگری کے حوالے سے پمفلٹس تقسیم کیے گئے جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال خانیوال میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ جہانیاں میں انجمن اصلاحِ معاشرہ رجسٹرڈ کے زیر اہتمام آگاہی واک منعقد کی گئی، جس میں مقررین نے گداگروں کو ایک منظم مافیا قرار دیتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ پیشہ ور گداگروں کی حوصلہ شکنی کریں اور اپنی زکوۃ و صدقات مستند فلاحی اداروں کے ذریعے مستحق افراد تک پہنچائیں۔ لودھراں اور دنیا پور میں مختلف فلاحی تنظیموں کے اشتراک سے انسدادِ گداگری آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد اور پمفلٹس تقسیم کئے گئے۔ الرحیم ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن دھنوٹ نےشہریوں کو اس بات سے آگاہ کیا کہ پیشہ ور گداگری کے بڑھتے ہوئے رجحان کی روک تھام کے لیے اجتماعی شعور اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ناگزیر ہے۔ فیصل آباد میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کمیونٹی ڈویلپمنٹ عثمان حبیب اور سوشل ویلفیئر آفیسر رائے اسد اقبال نے الحبیب ویلفیئر فاو نڈیشن رجسٹرڈ کے تعاون سے مکوآنہ، بنگے پنڈ، اواگت اور جڑانوالہ کے مختلف علاقوں میں عوامی آگاہی مہم چلائی۔ اس دوران شہریوں کو پیشہ ور گداگری کے منفی اثرات سے آگاہ کیا گیا جبکہ پیشہ ور گداگروں کی کونسلنگ بھی کی گئی تاکہ انہیں باعزت روزگار کی جانب راغب کیا جا سکے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ انسدادِ گداگری مہم کے تحت آگاہی، بحالی، کونسلنگ اور قانون کے نفاذ پر مشتمل جامع حکمت عملی کے ذریعے معاشرے کو اس سماجی برائی سے پاک کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

مزید خبریں