محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کر دی گئیں

سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے صوبے بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں

لاہور۔10ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے صوبے بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ31 اگست سے6 ستمبر کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے4 لاکھ 24 ہزار 884 انسپکشنز کیں،جن میں20 ہزار718 اوور چارجنگ کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ڈاکٹر کرن خورشید نے بتایا کہ مختلف خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر12 کروڑ 12 لاکھ 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے اور قیمتوں کی فہرستیں آویزاں نہ کرنے پر1,918 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔انہوں نے بتایا کہ قانونی خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کے خلاف81 ایف آئی آرز درج کی گئیں اور211 افراد کو گرفتار کیا گیا۔اسی طرح روٹی کی قیمتوں اور وزن کی چیکنگ کے دوران 72 ہزار 316 انسپکشنز کی گئیں۔مقرر کردہ قیمت زائد وصول کرنے پر 5 ہزار221 کیسز رپورٹ ہوئے اور ناجائز منافع خوروں پر8 لاکھ 32 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور ان کیخلاف28 مقدمات درج کئے گئے اور93 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈکنزیومر پروٹیکشن کے مطابق گرام پلس کی اوور چارجنگ کے826 کیسز پر 4 لاکھ 12 ہزار روپے جبکہ باسمتی چاول کے 849 کیسز پر89 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ٹماٹر کے894 کیسز پر ایک لاکھ 35 ہزار500 روپے اور پیاز کی اوور چارجنگ کے599 کیسز پر66 ہزار500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ڈاکٹر کرن خورشید نے بتایا کہ پیرا فورس نے بھی ایک ہفتے کے دوران73 ہزار 585 انسپکشنز کرتے ہوئے پنجاب بھر کی 405 مارکیٹوں میں چھاپے مارے، کارروائیوں کے دوران1,475 اوور چارجنگ کے کیسز رپورٹ ہوئے،66 لاکھ89 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے،17 افراد گرفتار کیے گئے اور21 کاروباری مقامات سیل کیے گئے۔سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو مقررہ نرخوں پر معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس کے ذریعے صوبہ بھر میں بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ عوام کو مقرر کردہ قیمتوں پر اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

مزید خبریں