محکمہ لائیو سٹاک نے ضلع بھر میں کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے چیچڑ مار مہم کا آغاز کر دیا ہے،ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک قصور

223
Congo virus
Congo virus

قصور۔ 02 دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک قصور ڈاکٹر محمد عدیل سیال نے کہا ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک نے ضلع بھر میں کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے چیچڑ مار مہم کا آغاز کر دیا ہے،لائیو سٹاک فارمرز جانوروں کو چیچڑوں کیخلاف ٹیکہ جات اور چیچڑ مار سپرے ضرور کروائیں۔

انہوں نے ”اے پی پی“سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ محکمہ لائیو سٹاک نے ضلع بھر میں کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے چیچڑ مار مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ تمام ویٹرنری ہسپتالوں میں محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ جانوروں کو چیچڑوں کیخلاف ٹیکہ جات اور سپرے کرنے میں مصروف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات مویشیوں کو اور انکے باڑوں کو چیچڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے صفائی کا خاص خیال رکھیں اور جانوروں کو خریدتے وقت احتیاط کریں،کانگو وائرس انسانوں میں مہلک ہو سکتا ہے اس لئے مویشی پال حضرات محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ، قصاب اور چمڑے کھالوں کی صنعت سے وابستہ افراد محتاط رہیں اور کام کے دوران دستانے، ماسک اور دیگر حفاظتی تدابیر لازمی اختیار کریں۔

اپنے جانوروں کو چیچڑوں کے خلاف ٹیکہ جات اور چیچڑ مار سپرے ضرور کروائیں تا کہ بعدازاں انہیں کسی مشکل، پریشانی یا مالی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جانوروں میں چیچڑوں سے پیدا ہونے والا کانگو وائرس جہاں جانوروں کا خون چوس کر انہیں کمزور کرتا ہے وہیں وہ سخت بخار کانگووائرس پھیلانے کا موجب بنتا ہے اس لئے احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں۔