محکمہ لائیو سٹاک کانگو وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہا ہے ،سیکرٹری مسعود انور

118
Congo virus
Congo virus

لاہور۔29مئی (اے پی پی):سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب محمد مسعود انور نے کہا ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک کانگو وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہا ہے ، ضلع اٹک میں کانگو وائرس کنٹرول کرنے کے لئے جانوروں کی آمدورفت کو روک دیا گیا ہے،محکمہ لائیوسٹاک نے 18بین الصوبائی چیک پوسٹیں قائم کر دی ہیں جہاں پر جانوروں اور گاڑیوں کو سپرے کیا جا رہا ہے، اب تک صوبہ بھر میں تقریبا 61642جانوروں کو کانگو سے بچائو کیلئے چیچڑ مار سپرے کیا جا چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز محکمہ لائیو سٹاک میں کانگو وائرس سے بچائو اور عید قربان کے حوالے سے محکمہ لائیو سٹاک کے اقدامات بارے منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت صوبائی وزیر لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کی۔سیکرٹری لائیو سٹاک نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک کا عملہ فارمرز کو سہولیات مہیا کرنے کیلئے چوبیس گھنٹے مصروف عمل ہے۔ڈائریکٹر جنرل (توسیع) ڈاکٹر آصف سلیمان ساہی نے محکمہ لائیو سٹاک کے کانگو وائرس سے بچائو اور عید قربان کے لیے اقدامات بارے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی اور محکمہ لائیوسٹاک کی کانگو کنٹرول حکمتِ عملی بارے آگاہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری لائیوسٹاک نے عید قربان کے حوالے سے محکمہ لائیو سٹاک کے انتظامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک کا عملہ فارمرز کو سہولیات مہیا کرنے میں 24گھنٹے مصروف عمل ہے،مویشی منڈیوں میں محکمہ لائیو سٹاک اپنے کیمپس قائم کرے گا جہاں ڈاکٹرز اور دیگر عملہ دن رات اپنے فرائض سر انجام دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مویشی منڈیوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر چچڑ مار سپرے کو یقینی بنایا جائے گا اور فارمرز کو سروسز ان کی دہلیز پر مہیا کرنے کے لیے محکمہ لائیو سٹاک کی180 موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز بھی فیلڈ میں متحرک ہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن،ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل،ڈائریکٹر جنرلز ،ڈپٹی سیکرٹریز، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ اویلیوایشن اور ڈائریکٹر کمیونیکیشن اینڈ ایکسٹینشن سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔