محکمہ موسمیات کا پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث سیاحوں اور شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ

محکمہ موسمیات نے اتوار کو ملک کے بعض پہاڑی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے سیاحوں اور شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے، خاص طور پر سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں عوام پر زور دیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور متوقع موسمی حالات کے دوران خطرناک مقامات پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے اتوار کو ملک کے بعض پہاڑی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے سیاحوں اور شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے، خاص طور پر سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں عوام پر زور دیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور متوقع موسمی حالات کے دوران خطرناک مقامات پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کئی علاقوں خاص طور پر پہاڑی اور نشیبی علاقوں میں سیلاب، تیز ہواؤں اور موسم میں اچانک تبدیلی کا امکان ہے ۔ شہریوں کو محتاط رہنے، خطرناک مقامات پر غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے اور موسم کے انتباہات کے ساتھ اپ ڈیٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ایسے حالات مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے حکام کےمطابق لاہور میں بھی بارش ہو سکتی ہے، موجودہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری تک پہنچنے کی توقع ہے۔رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے اور کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔محکمہ موسمیات کا کہنا کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع گرم اور خشک رہیں گے تاہم کوہلو، نصیر آباد، بارکھان، موسیٰ خیل، خضدار اور قریبی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔حکام نے مزید کہا کہ سندھ کے بیشتر اضلاع گرم اور خشک رہیں گے، جب کہ بالائی علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ سکھر، کشمور، شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور ملحقہ علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزید خبریں