لاہور۔4مئی (اے پی پی):سینئر وزیرمریم اورنگ زیب کی ہدایت پر صوبہ میں چیف وائلڈ لائف رینجر کی زیر قیادت جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت کرنیوالوں کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں متعدد کارروائیوں کے دوران لاہور،بھکر،لیہ ،نورپور تھل،تونسہ اور ڈی جی خان سے جنگلی بٹیرزاور تیترز کی ناجائز تجارت وجنگلی پرندوں کا غیر قانونی شکار کر نیوالوں سے درجنوں تحفظ شدہ جنگلی پرندے بازیاب کرکے 3ملزمان کو گرفتار کر لیا اور وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کر کے قانونی کارروائی کا آ غا ز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کیمطابق لاہور شہر میں ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر عاصم کامران نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ناکہ بندی کر کے ایک بس کی تلاشی کے دوران گتے کے ڈبوں میں پیک تیترز کے درجنوں زندہ بچے برآمد کر کے جلو پارک منتقل کر دیئے اور ذمہ داروں کیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کر دی ۔
اسی طرح کی دیگر دو مختلف کارروائیوں میں ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر سدرة المنتہی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تحصیل تونسہ سے غیر قانونی قبضہ تیتر کے جرم میں 1 ملزم کو 12 ہزار روپے جرمانہ کر کے کیس نمٹا دیا جبکہ ڈی جی خان سے تلیئر کے1 غیر قانونی شکاری کو موقع پر گرفتار کر کے 20 ہزار روپے جرمانہ کیا۔
ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر سرگودھا ریجن نعیم طاہر کی سربراہی میں نور پور تھل ،بھکر اور لیہ سے غیر قانونی تجارت کرنیوالوں سے 15جنگلی بٹیرز ،8 کالے تیترز کے بچے ، 4 کالے تیترز اور 2 بھورے تیترز برآمد کر کے 1 ملزم گرفتار کر لیا جبکہ بقیہ کیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کر دی گئی ہے ۔