محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خیبر پختونخوا اور ایٹاکے درمیان سب انجینئرز کی بھرتیوں کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خیبر پختونخوا اور ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی (ایٹا) کے مابین سب انجینئرز (BPS-12) کی بھرتیوں کے عمل کو شفاف، میرٹ پر مبنی اور مؤثر بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

 پشاور۔ 04 جون (اے پی پی):محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خیبر پختونخوا اور ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی (ایٹا) کے مابین سب انجینئرز (BPS-12) کی بھرتیوں کے عمل کو شفاف، میرٹ پر مبنی اور مؤثر بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

محکمہ پبلک ہیلتھ خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق جمعرات کے روز سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے دفتر پشاور میں منعقد ہونے والی مفاہمتی یادداشت پر محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے چیف انجینئر سنٹر اور ایٹا کےمنیجنگ ڈائریکٹر/ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے دستخط کیے۔مفاہمتی یادداشت کے موقع پر سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مسعود یونس، منیجنگ ڈائریکٹر/ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایٹا عادل سعید صافی، ایڈیشنل سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ جہانگیر اعظم وزیر، چیف سنٹر ریجن امجد شمشیر، چیف ساؤتھ ریجن ولایت اللہ اور ڈپٹی سیکرٹری (ایڈمن) محمد نزاکت قریشی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مسعود یونس نے اس موقع پر کہا کہ صوبے میں عوام کو پینے کے صاف پانی اور نکاسی آب کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے محکمہ میں تکنیکی افرادی قوت کی دستیابی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب انجینئرز کی بھرتی کے عمل میں میرٹ، شفافیت اور اہلیت کی بنیاد کو مذید مضبوط بنایاجائیگا تاکہ بہترین اور قابل امیدواروں کا انتخاب یقینی بنایا جا سکے۔منیجنگ ڈائریکٹر ایٹا نے یقین دہانی کرائی کہ ایجنسی جدید ٹیسٹنگ نظام، پیشہ ورانہ مہارت اور شفاف طریقہ کار کے ذریعے بھرتی کے تمام مراحل کو بروقت اور غیر جانبدار انداز میں مکمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایٹا کی اولین ترجیح میرٹ کے فروغ اور نوجوانوں کو مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔دونوں اداروں کے مابین طے پانے والے معاہدے کے تحت سب انجینئرز (BPS-12) کی بھرتی کے لیے ٹیسٹنگ، اسکریننگ اور دیگر ضروری مراحل باقاعدہ طریقہ کار کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔ اس موقع پر دونوں سرکاری اداروں نے بھرتی کے پورے عمل کو ہموار، بروقت، شفاف اور قابل اعتماد بنانے کے لیے باہمی تعاون اور مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں