پاکستان حج مشن مدینہ منورہ میں سرکاری حجاج کرام کی بہترین میزبانی اور سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے چوبیس گھنٹے سرگرمِ عمل ہے۔ حج کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ میں سرکاری حجاج کرام کی آمد میں تیزی آ گئی ہے، جس کے پیشِ نظر حجاج کی آمد، روانگی، خوراک، ٹرانسپورٹ، ریاض الجنہ کی زیارت اور شکایات و رہنمائی کے لیے قائم تمام شعبے اور ٹیمیں چوبیس گھنٹے انتھک …
مدینہ منورہ: پاکستان حج مشن کی بہترین حکمت عملی، سرکاری حجاج کے لیے شاندار انتظامات کی فراہمی جاری
خرم شہزاد
مدینہ منورہ۔11جون (اے پی پی):پاکستان حج مشن مدینہ منورہ میں سرکاری حجاج کرام کی بہترین میزبانی اور سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے چوبیس گھنٹے سرگرمِ عمل ہے۔ حج کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ میں سرکاری حجاج کرام کی آمد میں تیزی آ گئی ہے، جس کے پیشِ نظر حجاج کی آمد، روانگی، خوراک، ٹرانسپورٹ، ریاض الجنہ کی زیارت اور شکایات و رہنمائی کے لیے قائم تمام شعبے اور ٹیمیں چوبیس گھنٹے انتھک خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔حج مشن کے حکام کے مطابق حج کی ادائیگی کے بعد سے اب تک 40 ہزار حجاج کرام مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں جبکہ اگلے دس دنوں میں مزید 32 ہزار سرکاری حجاج کی مدینہ منورہ آمد متوقع ہے۔
دوسری جانب اب تک 18 ہزار حجاج کرام مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کر کے باحفاظت اپنے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ مدینہ منورہ سے 30 جون کو آخری پرواز کی روانگی کے ساتھ ہی حج آپریشن 2026 باقاعدہ اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔امسال پاکستان حج مشن نے حجاج کی سہولت کے لیے کئی تاریخی سنگ میل عبور کیے ہیں۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ 1 لاکھ 19 ہزار حجاج کرام کو مسجد نبوی کے بالکل نزدیک ’سٹار ہوٹل‘ میں رہائش فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، انتظامات کو مزید شفاف اور آسان بنانے کے لیے مدینہ منورہ میں پہلی بار کمروں کی قبل از وقت الاٹمنٹ کا نیا ڈیجیٹل انڈکشن سسٹم متعارف کروایا گیا ہے، جس سے حجاج کو رہائش کے حصول میں بے حد آسانی ہوئی ہے۔حجاج کرام کی سہولت کے لیے سفری اور عبادات کے مراحل کو بھی مزید منظم کیا گیا ہے۔
مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر رش اور لمبی لائنوں سے بچنے کے لیے حجاج کی روانگی کی بورڈنگ کا عمل ان کی رہائش گاہوں پر ہی مکمل کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی حجاج کرام کے لیے سب سے مقدس اور اہم ترین مرحلے، یعنی مسجد نبوی میں ریاض الجنہ کے اندر مرحلہ وار نوافل کی ادائیگی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو اللہ کے مہمانوں کو یکسوئی اور آرام دہ ماحول میں عبادات اور زیارتیں سرانجام دینے میں مدد فراہم کر رہی ہیں۔







