مذہبی رہنما اور سکالر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے میں فعال کردار ادا کریں، علی محمد خان

اسلام آباد ۔ 17 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے تمام مذہبی رہنما اورسکالرز کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے حوالہ سے آگاہی پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ریڈیو پاکستان کے کرنٹ افیئر کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے شہریوں کو کورونا وائرس سے متاثر …

اسلام آباد ۔ 17 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے تمام مذہبی رہنما اورسکالرز کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے حوالہ سے آگاہی پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ریڈیو پاکستان کے کرنٹ افیئر کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے شہریوں کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے سے روکنے کے لئے سنجیدگی کے ساتھ ہنگامی اقداما ت کر رہی ہے ، اور ساتھ ہی ان کو اپنے دین سے رہنمائی حاصل کرنے کا بھی کہ رہی ہے تاکہ اس وباء پر قابو پایا جاسکے اور لوگوں کو موت کے منہ میں جانے سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تمام شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ احتیاط علاج سے ہمیشہ بہتر ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ منفی قوتوں کے ذریعہ پھیلائی جانی والی افواہوں پر توجہ نہ دیں اور سوشل میڈیا پر وائرس سے متعلق جعلی معلومات کی حوصلہ شکنی کرنے میں حکومت کی مدد کریں کیونکہ اس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس ایک عالمی چیلنج ہے اور حکومت پوری ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ صورتحال کونمٹنے کے لئے پرعزم ہے۔علی محمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پورے ملک میں صحت مراکز میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے بے حد فکر مند ہیں اور ہمیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں ہم اس چیلنج پر قابو پالیں گے اور اس دوران پاکستان کے تمام شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں اور محفوظ رہنے کے لئے حکومتی ہدایات پر عمل کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی دیکھ بھال کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم لوگوں کو بھی اس موقع پر میل جول کو محدود رکھنا چاہئے۔