مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹریٹ میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد

مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹریٹ میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مقررین نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ زندگی کے ہر شعبے کے لیے کامل رہنمائی کا نمونہ ہے، اس پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں امن، بھائی چارے، اتحاد اور باہمی احترام کو فروغ دیا جا سکتا ہے

راولپنڈی۔13ستمبر (اے پی پی):مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹریٹ میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مقررین نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ زندگی کے ہر شعبے کے لیے کامل رہنمائی کا نمونہ ہے، اس پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں امن، بھائی چارے، اتحاد اور باہمی احترام کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ کانفرنس میں چیئرمین امن کمیٹی راولپنڈی حافظ اقبال رضوی، مدیر جامعہ بنوریہ راولپنڈی مفتی اسماعیل طورو، امیر نوجوانان توحید و سنت پنجاب مفتی نعیم الرحمن، صدر انجمن تاجران راولپنڈی شرجیل میر، صدر بزنس ایسوسی ایشن شاہد فاروق پراچہ، ممبر امن کمیٹی عبدالرحمن، صدر علماء و مشائخ راولپنڈی مولانا شبیر ربانی، صدر دعوت و اصلاح راولپنڈی مولانا منظور جمال اور صدر دعوت و اصلاح اسلام آباد مولانا غیاث کیانی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے عدل، اخوت، برداشت، حسن اخلاق، رواداری اور انسانیت سے محبت کا عملی درس دیا۔ سیرت النبی ﷺ کے پیغام کو انفرادی و اجتماعی زندگی کا حصہ بنا کر معاشرے میں خدمت انسانیت، خیر خواہی اور باہمی احترام کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔