لاہور۔7مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت جمعرات کے روز صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا،جس میں وزیر اعلی مریم نواز نے تمام وزرا ءاورخصوصی طور پر سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے پہلے وزیر رمیش سنگھ اروڑا کو وزارت کا قلم دان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
اجلاس میں پنجاب گورنمنٹ رولز آف بزنس 2011 کے تحت وزرا کو کابینہ کی کارروائی کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پرکابینہ نے ”رمضان نگہبان” ریلیف پیکیج2024 ، ضلعی سطح پر سستے رمضان بازار لگانے،سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ ،سٹینڈ نگ کمیٹی برائے قانونی امور اور سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کی تشکیل کی منظوری دی۔
وزیر اعلی مریم نواز شریف نے اجلاس میں بتایا کہ رمضان نگہبان ریلیف پیکج پروگرام کے تحت65 لاکھ سے زائد ریلیف پیکج مستحق لوگوں کے گھروں تک پہنچائے جائیں گے جس سے مجموعی طور پر سوا تین کروڑ افراد مستفید ہونگے،
رمضان نگہبان ریلیف ہیمپر میں 10کلو آٹا، 2کلو چاول،2کلوچینی، 2کلو گھی اور 2کلو بیسن شامل ہوگا۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے اشیا خورونوش کی کوالٹی کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ٹاسک دیدیا،اربن یونٹ اور سپیشل برانچ کی ٹیموں کو فیلڈ سروے کر کے رمضان نگہبان ہیمپرز کی ترسیل پر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر اعلی مریم نوازشریف نے صوبائی وزرا کو رمضان نگہبان پیکیج کی تقسیم کی کڑی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہیمپرز کی ترسیل کی نگرانی پی آئی ٹی بی کی تیار کردہ ایپ اور ڈیش بورڈ کے ذریعے کی جائے گی،رمضان المبارک میں گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں پر نظر رکھی جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو باقاعدہ تربیت دی جائے
،انہوںنے صوبائی وزرا کو عوام کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کیلئے بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ دن رات محنت کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میںصوبائی وزرا،چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پی آئی ٹی بی،سیکرٹریز خزانہ،اطلاعات اور دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔