مری میں آٹے کی غیر قانونی ترسیل کے خلاف کارروائی، 3 ٹرکوں سے 16.16 میٹرک ٹن آٹا برآمد
مری میں آٹے کی غیر قانونی ترسیل کے خلاف کارروائی، 3 ٹرکوں سے 16.16 میٹرک ٹن آٹا برآمد

مزید خبریں
مری ۔2نومبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ مری نے آٹے کی بلیک مارکیٹنگ اور غیر قانونی ترسیل کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین ٹرک تحویل میں لے کر مجموعی طور پر 16.16 میٹرک ٹن آٹا برآمد کر لیا۔ ضبط شدہ آٹا سرکاری نرخوں پر شہریوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی ہدایت اور ڈی پی او ڈاکٹر تنویر احمد سپرا کے احکامات پر پنجاب ہائی وے پٹرول اور پیرا (PERA) کی ٹیموں نے اہم شاہراہوں پر ناکہ بندی کے دوران مشترکہ کارروائی کی۔
پنجاب ہائی وے پٹرول کی ٹیم نے گزشتہ رات دورانِ گشت مشکوک جان کر تین گاڑیوں (MD XA 220، TAW 919 اور XA 919) کو روک کر تلاشی لی تو ان سے 16.16 میٹرک ٹن آٹا برآمد ہوا جسے موقع پر ضبط کر لیا گیا۔
قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد تینوں گاڑیاں پیرا حکام کے حوالے کر دی گئیں تاکہ ضبط شدہ آٹا ہیڈ کوارٹر منتقل کیا جا سکے۔ انتظامیہ کے مطابق مقررہ ضابطہ کار کے تحت آٹا حکومت کے مقرر کردہ سستے نرخوں پر شفاف انداز میں شہریوں کو فراہم کیا جائے گا تاکہ غیر قانونی منافع خوری کی روک تھام اور عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔








