مری میں انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ، پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو قطرے پلانے کی ہدایت

مری میں انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ، پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو قطرے پلانے کی ہدایت

مری ۔2نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے انسدادِ پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے پلانے کا عمل سو فیصد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہم کے اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں مہم کے اہداف، سیکیورٹی اور انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مائیکرو پلان پر موثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر ہر بچے تک رسائی حاصل کرکے اسے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے اور مہم کے دوران فیلڈ میں جاری سرگرمیوں کی نگرانی مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا تاکہ کوئی بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہ جائے اور مری کو پولیو سے محفوظ بنایا جا سکے۔