مزار بی بی پاکدامن کے ترقیاتی کام، داتا دربار ہسپتال میں سہولیات یقینی بنائی جائیں، ڈاکٹر احسان بھٹہ

سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ہدایت کی ہے کہ مزارِ بی بی پاکدامن پر جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل اور داتا دربار ہسپتال میں زائرین اور مریضوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ یہ بات انہوں نے مزارِ بی بی پاکدامن کے فیز ٹو کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کے معائنے اور مردانہ و زنانہ لنگر خانوں، وضو کی …

لاہور۔27ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ہدایت کی ہے کہ مزارِ بی بی پاکدامن پر جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل اور داتا دربار ہسپتال میں زائرین اور مریضوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ یہ بات انہوں نے مزارِ بی بی پاکدامن کے فیز ٹو کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کے معائنے اور مردانہ و زنانہ لنگر خانوں، وضو کی سہولیات، کھڑکیوں کی تنصیب، پلسترنگ اور بیسمنٹ میں کنکریٹنگ سمیت مختلف تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر اوقاف رفیق نور وٹو، ایکسین محکمہ مواصلات و تعمیرات فہد نوید، ایس ڈی او حذیفہ، منیجر اوقاف گلزار احمد اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ ایکسین فہد نوید نے جاری کاموں اور پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مردانہ لنگر خانے کی پہلی منزل کی چھت کا کام آئندہ 15 روز میں مکمل اور زنانہ لنگر خانے کی بیسمنٹ میں چھت کی سطح تک کالمز کی تعمیر بھی مکمل کر دی جائے گی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جائے اور مقررہ مدت میں منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جائے، تاہم کام کی رفتار کے ساتھ تعمیراتی معیار، ساختی مضبوطی اور حفاظتی تقاضوں کو بھی ہر صورت ملحوظ رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لیے جاری بڑے تعمیراتی و توسیعی منصوبوں کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے اس لیے متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کام کی مسلسل نگرانی کریں اور مقررہ ڈیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ بعد ازاں ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مزارِ بی بی پاکدامن پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی، امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔ بعد ازاں انہوں نے داتا دربار ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور ڈے کیئر سینٹر، چلڈرن وارڈ، میڈیکل وارڈ اور سٹاف ہاسٹل کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جاوید اقبال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہد ورک اور دیگر طبی و انتظامی افسران موجود تھے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے تمام وارڈز، گرائونڈ اور سٹاف ہاسٹل میں صفائی ستھرائی کے اعلی معیار کو برقرار رکھا جائے اور مریضوں کے لیے ضروری ادویات و طبی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ داتا دربار ہسپتال آنے والے مریضوں کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے گرائونڈ میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا، بعد ازاں گرلز ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کرتے ہوئے طالبات کے لیے صاف ستھرا تعلیمی ماحول اور فنی تربیت کی سہولیات کا جائزہ لیا۔