اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں پاکستان بہت واضح، غیر متزلزل اور اصولی موقف رکھتا ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کے بغیر برصغیر کا دائمی امن و استحکام محض خواب ہی رہے گا،ہر سال 27 …
مسئلہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کے بغیر برصغیر کا دائمی امن و استحکام محض خواب ہی رہے گا، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا یوم سیاہ پر پیغام
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں پاکستان بہت واضح، غیر متزلزل اور اصولی موقف رکھتا ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کے بغیر برصغیر کا دائمی امن و استحکام محض خواب ہی رہے گا،ہر سال 27 اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا وہ تاریک دن یاد دلاتا ہے جب 78 سال پہلے بھارت نے اپنی افواج کو سری نگر بھیجا اور اس پر قبضہ کر لیا، میں کشمیری عوام کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ وہ اپنی اس جدوجہد میں اکیلے نہیں بلکہ 24 کروڑ پرعزم پاکستانی عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق یہ بات وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم سیاہ کشمیر 27 اکتوبر 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انسانی تاریخ کا وہ افسوسناک باب ہے جو آج بھی جاری ہے، اس دن سے لے کر آج تک بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں موجود کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو مسلسل پامال کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں نے 8 دہائیوں سے بے پناہ مشکلات اور ظلم و بربریت کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوف اورناانصافی کے سائے میں بھی کشمیریوں کی بہادری، جراتمندی اور کسی دباؤ میں نہ آنے والی آزادی کی تڑپ کو ہم سلام پیش کرتے ہیں، بلاشبہ کشمیریوں کا انصاف اور حق خود ارادیت کے حصول کے لئے عزم غیر متزلزل اور دائمی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی غیر قانونی اور یکطرفہ کارروائیوں میں مزید اضافہ کیا ہے جسکا مقصد مقامی آبادی کے تناسب اور سیاسی صورتحال کو تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالی کے علاوہ بھارت نے آزادی اظہار رائے اور آزادانہ نقل و حرکت پر بھی پابندی لگا رکھی ہے،خوفناک قوانین کو لاگو کرتے ہوئے بھارت نے منظم انداز میں ظلم و بربریت اور اشتعال انگیزی کا نظام قائم کر رکھا ہے تاکہ کشمیری عوام کی جائز سیاسی آوازوں اور خواہشات کو دبایا جا سکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر کے نمایاں سیاسی، سماجی رہنما اورمیڈیا نمائندگان کی غیر قانونی اور بلا جواز گرفتاریاں بھارت کے پر تشدد ایجنڈے کا مظہر ہے، جھوٹے الزامات پر رہنماؤں کو مسلسل پابند سلاسل رکھنا بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس طرح کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی ہے جو بین الاقوامی قوانین کے منافی اور اقوام متحدہ کی بے شمار قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں بہت واضح، غیر متزلزل اور اصولی موقف رکھتا ہے، اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے تحت اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کے بغیر برصغیر کا دائمی امن و استحکام محض خواب ہی رہ جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بطور وزیراعظم میں نے ہمیشہ کشمیریوں کی حالت زار اور بھارت کے تسلط سے آزادی کے لیے انکی آواز بین الاقوامی برادری کے سامنے رکھی ہے۔ میں کشمیری عوام کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ وہ اپنی اس جدوجہد میں اکیلے نہیں بلکہ 24 کروڑ پرعزم پاکستانی عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اوراپنے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ کشمیری عوام کے ساتھ جڑے رہیں گے جب تک انکو انصاف پرمبنی اور بین الاقوامی برادری کا حمایت یافتہ حق خود ارادیت نہیں مل جاتا اور انشاءاللہ وہ دن زیادہ دور نہیں۔









