مسئلہ فلسطین کا انصاف پر مبنی حل نکالا جائے ،اقوام متحدہ اور او آئی سی مظلوم اقوام کے مسائل کا حل نکالنے کیلئے اپناکردار ادا کریں ، محمد عبداللہ حمید گل

92
مسئلہ فلسطین کا انصاف پر مبنی حل نکالا جائے ،اقوام متحدہ اور او آئی سی مظلوم اقوام کے مسائل کا حل نکالنے کیلئے اپناکردار ادا کریں ، محمد عبداللہ حمید گل

راولپنڈی۔12اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین تحریک جوانان پاکستان محمد عبداللہ حمید گل نےکہا ہے کہ اگر فوری انصاف پر مبنی نتیجہ نہ نکلا تو فلسطین کی جنگ پورے مشرق وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

یو این اور او آئی سی کو مظلوم اقوام کے مسائل کا حل نکالنے کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے اور فلسطین پر اسرائیلی مظالم بند کروانا ہونگے۔ اظہار یکجہتی فلسطین سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد مسلمانوں کیخلاف ایک بار پھر من گھڑت نفرت انگیز رویہ دہشتگرد تنظیموں کو جنم دےگا ۔

عبداللہ گل نے غزہ کی محصور آبادی پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کی جس میں ہز اروں فلسطینی شہید اور زخمی ہو گئے۔ اسرائیل نےاندھا دھند نہتے فلسطنیوں پر بمباری کر کے یہ تاثر دے دیا ہے کہ وہ حماس کے حملے کے بہانےغزہ میں بسنے والے 22 لاکھ فلسطینیوں کو شہید کر کے غزہ بھی ہتھیا لے گا۔

ان کا کہنا تھا اقوام متحدہ کی قرار داد نمبر 242 میں اسرائیل کے لئے واضح حکم ہے کہ وہ تمام مقبوضہ علاقے خالی کرے۔ فلسطینی اپنے علاقے واپس لینے کےلئے جدو جہد کر رہے ہیں جو ان کا جائز حق ہے۔سکیورٹی کونسل کو چائیے کہ وہ فلسطینیوں کا قتل عام روکنے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرے جس طرح اس نے مشرقی تیمور اور مغربی سوڈان کے لئے کیا۔

عبداللہ حمید گل کا مزید کہنا تھا کہ مسلمانوں کو کھل کر فلسطینیوں کا ساتھ دینا چایئے کیونکہ ایک تو وہ اپنے ملک کے لئے لڑ رہے اوردوسرے نمبر پر وہ مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لئے کوشاں ہیں جو تمام مسلمانوں پر فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد انسانی حقوق کے علم بردار یوکرین کے علاقوں کی آزادی کے لئے روس کے خلاف متحد اور فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی آزادی کے لئے یہ غاصب اسرائیل کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو متحد ہو کر فلسطین کے حق کے لئے کھڑا ہونا چاہئے۔