مسئلہ کشمیر سیاسی ہی نہیں انسانی مسئلہ بھی ہے،دنیا میں جوہری جنگ تنازعہ کشمیر کے باعث ہونے کا خدشہ ہے جو انتہائی تباہ کن ہو گی ، سردار مسعود خان

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):آزاد کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف سیاسی ہی نہیں انسانی مسئلہ بھی ہے،دنیا میں جوہری جنگ تنازعہ کشمیر کے باعث ہونے کا خدشہ ہے جو کہ انتہائی تباہ کن ہو گی ،مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے کشمیری بہت سارے مسائل کا شکار ہیں، پاکستان نے معرکہ حق میں ہندوستان کو بتا دیا ہے کہ ہم اپنے عوام …

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):آزاد کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف سیاسی ہی نہیں انسانی مسئلہ بھی ہے،دنیا میں جوہری جنگ تنازعہ کشمیر کے باعث ہونے کا خدشہ ہے جو کہ انتہائی تباہ کن ہو گی ،مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے کشمیری بہت سارے مسائل کا شکار ہیں، پاکستان نے معرکہ حق میں ہندوستان کو بتا دیا ہے کہ ہم اپنے عوام کی حفاظت کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں نیشنل پریس کلب میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار کا اہتمام گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل نے کیا تھا جبکہ تقریب میں سردار مسعود خان کے علاوہ برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمد، سابق وزیر برائے آزاد ریاست جموں و کشمیر چوہدری ریاض محمود، نذیر گیلانی، شبیر احمد شاہ، راجہ رؤف مشعل مسعود اور راجہ سکندر خان کے علاوہ دیگر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سردار مسعود خان نے کہا کہ 27 اکتوبر کو راجاؤں اور ہندوستان نے کشمیر پر جارحیت کی تھی،جموں میں 2 لاکھ 50ہزار مسلمان مارے گئے تھے، یہ قتل عام آج تک جاری ہے،معرکہ حق میں دنیا نے دیکھ لیا کہ جھوٹا بیانیہ کس کا ہے،جس طرح ہندوستان کا میڈیا اور حکومت جھوٹے بیانیے بنا کر چلا رہے تھے وہ پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے، الحمدللہ معرکہ حق میں پاکستان کو واضح برتری حاصل ہوئی ہے۔

اس موقع پر برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمد کا کہنا تھا کہ مودی جھوٹ بولنے میں ماہر ہیں،اس جھوٹ کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے،اب سچ آہستہ آہستہ دنیا کے سامنے آ رہا ہے،پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے جس جرأت اور جوانمردی کے ساتھ ہندوستان کا مقابلہ کیا اس پر دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں اور مسلمانوں کو فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کشمیر کا مسئلہ دنیا کے سامنے لانے میں اہم کردار ہے،ا ن کی وجہ سے دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بات ہو رہی ہے،بھارت میں پاکستان مخالف بیانیے کو بنیاد بنا کر انتخابات لڑے جاتے ہیں۔سید نذیر گیلانی نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ نہایت سادہ سا ہے، 27 اکتوبر 1947ء تاریخِ انسانیت کا وہ سیاہ ترین دن ہے جب بھارتی افواج نے سازش اور طاقت کے بل پر ریاست جموں و کشمیر میں داخل ہو کر ایک آزاد ریاست پر قبضہ کر لیا۔

مہاراجہ ہری سنگھ کے نام نہاد "الحاقی معاہدے” کو جواز بنا کر بھارت نے بین الاقوامی اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی، اس دن سے لے کر آج تک، وادی کشمیر ظلم، جبر اور خونریزی کی ایک طویل داستان بن چکی ہے۔سیمینار سے راجہ سکندر خان، سابق وزیر آزادکشمیر چوہدری ریاض محمود ، مشعل مسعود،سید شبیر احمد و دیگر نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔