چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے، عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے، چیئرمین سینیٹ

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے، عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، اس روز بھارتی اقدامات نے کشمیری عوام کی زندگیوں پر گہرے اثرات مرتب کیے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور ان کی جدوجہد کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔ عالمی برادری کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور مسئلے کے منصفانہ حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی اقدامات کو مسترد کرتا ہے اور کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔








