مسابقتی کمیشن نے پی ٹی سی ایل اورٹیلی نار کے مرجر کی درخواست پر سماعت شروع کر دی

196
Competition Commission of Pakistan

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ ( پی ٹی سی ایل) اور ٹیلی نار پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی جانب سے ٹیلی نار کی ہی ذیلی کمپنی ’اوریئن ٹاورز پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کی 100فیصد شیئر ہولڈنگ اور دونوں کمپنیوں کے انضمام کی درخواست کے جائزے کے لئے سٹیک ہولڈروں کی سماعت شروع کر دی ہے۔ اس حوالے سے ہونے والی سماعت کی صدارت کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو، ممبر سلمان امین اور عبد الرشید شیخ پر مشتمل بنچ نے کی۔سینئر وکیل راحت کونین حسن نے پی ٹی سی ایل کی نمائندگی کرتے ہوئے دونوں کمپنیوں کے ممکنہ انضمام سے ٹیلی کام سیکٹر میں ہونے والی ممکنہ ترقی اور مجموعی طور پر معاشی فوائد پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر پی ٹی سی ایل کے صدر اور گروپ کے چیف ایگزیکٹو ہتھم باماتراف ، رابرٹ مڈل ہورسٹ ، اور پی ٹی سی ایل کی سینئر انتظامیہ موجود تھی۔اس کے بعد کمیشن نے وطین ٹیلی کامیٹڈ کو شنوائی کا موقع فراہم کیا ۔ سمیع الدین نے وطین ٹیلی کام کی نمائندگی کرتے ہوئے مرجر پر اپنے ابتدائی دلائل دیئے۔سماعت کے موقع پر ٹیلی نار پاکستان کے چیف ایگزیکٹو خرم اشو ، اوریئن ٹاورز کے چیف ایگزیکٹو آندریاس ہوگبرگ ، ریگولیٹری سٹریٹجی اینڈ کمپلائنس (پی ٹی ایم ایل) کے گروپ ڈائریکٹر فواد احمد خان ، پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل وائرلیس لائسنسنگ عامر شہزاد اور جاز پاکستان، واٹین ، ٹرانسورلڈ ایسوسی ایٹس ، سی ایم پاک ایل ڈی آئی لمیٹڈ اور فریکوینسی الاکیشن بورڈ کے نمائندے موجود تھے ۔

کمیشن نے تمام متعلقہ فریقوں کو تفصیل سے سنا۔ مسابقتی کمیشن اس اہم انضمام کی درخواست کے دوسرے مرحلے کا جائزہ ، مسابقتی ایکٹ 2010 کے سیکشن 11 (6) کے تحت لے رہا ہے۔ اس جائزے کے دوران تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنی رائے فراہم کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔ اگلی سماعت 2 اکتوبر 2024 کو شیڈول ہے جہاں وطین ٹیلی کام مرجر کے میرٹ پر اپنے دلائل مکمل کرے گا۔ دیگر اسٹیک ہولڈرز بھی مجوزہ انضمام پر اپنے دلائل پیش کریں گے۔