مسابقتی کمیشن کے زیر اہتمام ورلڈ کمپٹیشن ڈے کے موقع پر مارکیٹ میں مقابلہ، منصفانہ پریکٹسز اور درپیش چیلنجز کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد

136
Competition Commission of Pakistan

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے ورلڈ کمپٹیشن ڈے کے موقع پر مارکیٹ میں مقابلہ، منصفانہ پریکٹسز اور درپیش چیلنجز کے موضوع پر ورکشاپ منعقد کی جس میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے سینئر صحافیوں نے مارکیٹ میں منصفانہ پریکٹسز اور کمپٹیشن کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر کمپٹیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے میڈیا ،حکومت اور عوام کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا تاکہ غیر منصفانہ تجارتی طریقوں کا مقابلہ کیا جا سکے اور ایک شفاف مارکیٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان میں بھی کمپٹیشن کے قوانین وقت کے ساتھ ساتھ مستحکم ہو رہے ہیں ، لیکن یہ ضروری ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز ،مسابقتی کمیشن کے اقدامات کو سپورٹ کریں تاکہ ملک میں ایک منصفانہ مسابقتی نظام قائم کیا جا سکے جس سے سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو اور صارف کے حقوق کو تحفظ ملے۔بحث کے دوران ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ مارکیٹ میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے ہمیں اپنی مارکیٹوں کو کھولنا ہو گا اور نئے سرمایہ کاروں کو برابری کے مواقع اور ماحول فراہم کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی سرکاری کاروباری اداروں کے لئے نجکاری کی پالیسی اسی پالیسی کا تسلسل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کے لئے برابری کا میدان یقینی بنانے کے لئے مسابقتی کمیشن کو حکومت میڈیا اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی مسلسل حمایت کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے دیگر ترقی یافتہ ممالک کا حوالہ دیا جہاں مارکیٹ کی ترقی میں وقت لگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان جو کہ ابھی ترقی کے مراحل طے کر رہا ہے کمپٹیشن کے قوانین اور ان پر مؤثر عمل درآمد بتدریج بہتر ہوتا جائے گا۔

ورکشاپ میں کمیشن کے حکام نے جاری تحقیقات پر تفصیلی بریفنگ دی اور چینی،آٹوموبائل اور سیمنٹ کے شعبوں سے کیس سٹڈیز بھی شیئر کیں۔ انہوں نے مرجر کلیئرنس کے ذریعے غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کے حوالے سے حوصلہ افزا تازہ ترین معلومات بھی فراہم کیں ۔

اس موقع پر کمیشن کے لیگ ایڈوائزرز نے عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات میں پیش رفت کے سلسلے میں وزارت قانون، وزارت خزانہ اور سپریم کورٹ و ہائی کورٹ کی طرف سے ملنے والی اہم تعاون بارے آگاہ کیا۔ صحافیوں نے کمپٹیشن کے قانون کے نفاذ میں درپیش چیلنجز کے بارے سوالات اٹھائے۔ حکام نے میڈیا نمائندوں کے اٹھائے گئے سوالات کے جامع جوابات فراہم کیے۔

اس ورکشاپ میں کمیشن کے رجسٹرار شہزاد حسین (ڈائریکٹر جنرل)، نعمان لائق (ڈائریکٹر جنرل)، احمد قریر (ڈائریکٹر جنرل)، ڈاکٹر اکرم الحق (ڈائریکٹر جنرل)، سینئر قانونی مشیر امبرین عباسی اور حافظ نعیم سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔