لاہور۔7مارچ (اے پی پی):چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ رمضان المبارک رحمتوں وبرکتوں کامہینہ ہے،ماہ صیام حصول تقوی کا بہترین ذریعہ ہے،اس مہینے کاپہلا عشرہ رحمت،دوسرا مغفرت اورتیسرا جہنم سے نجات کاہے،مسلمان روزے کی حالت میں برائیوں سے بچیں اوراپنے رب کوراضی کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ روزہ روح کو پاک اور دل کو صاف کرتا ہے،رمضان المبارک کی برکتوں کو حاصل کرنے کے لیے اپنی عبادت کی مقدار میں اضافہ کرناچاہیے،
ماہ صیام میں اللہ تعالی کی طرف سے انوار وبرکات کا سیلاب آتا اور اس کی رحمتیں موسلادھار بارش کی طرح برستی ہیں، اس ماہ مقدس کی بابرکت ساعتوں سے مستفید ہوتے ہوئے ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ اللہ تعالی سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کرے اوراس بات کا عہد کرے کہ آئندہ وہ گناہوں کے قریب نہیں جائے گا۔