نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے قومی تعمیر و ترقی، عوامی فلاح اور ملکی معیشت کی بہتری کو ہمیشہ اولین ترجیح دی، چوہدری محمد برجیس طاہر
مسلم لیگ ن کی حکومت نے نے ہمیشہ قومی تعمیر و ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور ملکی معیشت کی بہتری کو اولین ترجیح دی،چوہدری محمد برجیس طاہر

مزید خبریں
سانگلہ ہل۔ 23 اگست (اے پی پی):مرکزی نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) و سابق وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک بھر میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا، مسلم لیگ ن کی حکومت نے نے ہمیشہ قومی تعمیر و ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور ملکی معیشت کی بہتری کو اولین ترجیح دی،موٹر ویز، بجلی، سوئی گیس، صحت، تعلیم، سکولز، کالجز،یونیورسٹیز سمیت انفراسٹرکچر کے بڑے منصوبے مسلم لیگ ن کے دورِ حکومت کی نمایاں خدمات ہیں، جن کے ثمرات آج بھی عوام تک پہنچ رہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی پبلک سیکرٹریٹ مسلم لیگ (ن) میں صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر رہنما مسلم لیگ (ن) چوہدری عاصم رندھاوا، امیدوار حلقہ پی پی 132 چوہدری علی طارق چیمہ، چوہدری فہد احسان پنوں، چوہدری انیس، چوہدری تنویر گھمن، میاں عظیم دستگیر، ملک باقر اعوان، میاں ریاض محبوب سمیت دیگر عمائدین بھی موجود تھے ۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ سیاست کو خدمت اور ملکی ترقی کا ذریعہ بنایا، مسلم لیگ (ن) کے ادوارِ حکومت میں ملک کے مختلف حصوں کو موٹر ویز اور شاہراہوں کے ذریعے باہم منسلک کیا گیا ،توانائی کے منصوبے مکمل کرکے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیا گیا جبکہ گیس کی فراہمی کے منصوبوں کو بھی وسعت دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے اور مسلم لیگ (ن) نے اس شعبے میں بڑے پیمانے پر کام کیا۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ہسپتالوں، طبی مراکز اور جدید سہولیات کی فراہمی جبکہ تعلیم کے میدان میں سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کے قیام و توسیع کے منصوبے مسلم لیگ (ن) کی عوام دوست پالیسیوں کا حصہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہنرمندی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔







