مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی،پاکستان کا خطے میں امن کیلئے متحرک سفارتی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، دفتر خارجہ کی بریفنگ

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی،پاکستان کا خطے میں امن کیلئے متحرک سفارتی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، دفتر خارجہ کی بریفنگ

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں امن، مذاکرات اور پائیدار حل کےلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں رواں ہفتے بھی جاری رہیں۔ جمعہ کو یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے دو مرتبہ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون، خطے اور عالمی صورتحال خصوصاً مشرقِ وسطیٰ کی تازہ پیش رفت اور پاکستان کی جانب سے کشیدگی میں کمی اور امن کے فروغ کےلئے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا، دونوں جانب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دیرپا امن اور استحکام کےلئے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد موثر راستہ ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی امن کے فروغ اور سفارتی ذرائع کے ذریعے مسائل کے حل کےلئے اپنے ہم منصبوں سے مسلسل رابطے میں رہے۔ نائب وزیراعظم نے قطر کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ محمد بن عبدالعزیز الخلیفی سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے، انہوں نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور خطے کی بدلتی صورتحال اور جاری کثیرالجہتی سفارتی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان نے کہا کہ نائب وزیراعظم نے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے بھی گفتگو کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی پیش رفت پر بات چیت ہوئی۔

ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی رواں ہفتے ایران کے دو اہم دورے کئے، انہوں نے 16 مئی اور بعد ازاں 20 مئی کو ایران کا دورہ کیا جہاں ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ ترجمان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر حالیہ ڈرون حملوں کی مذمت کی اور دونوں برادر ممالک سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے اور ایسی تنصیبات کو کسی بھی صورت میں نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

مزید خبریں
چیئرمین سینیٹ سے پاکستانی پروفیشنل ریسلر اَطر زاہد کی ملاقات اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی پروفیشنل ریسلر اَطر زاہد نے ملاقات کی۔ اَطر زاہد سعودی عرب میں پیدا ہونے والے پہلے پاکستانی پروفیشنل ریسلر ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اَطر زاہد کو ان کی شاندار کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اَطر زاہد نے اپنی محنت، صلاحیت اور بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کیا ہے، جو قابلِ ستائش ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کھیل امن، دوستی اور بین الاقوامی ہم آہنگی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہیں، جبکہ کھلاڑی اپنی صلاحیتوں اور کامیابیوں کے ذریعے دنیا بھر میں اپنے ملک کے بہترین سفیر ثابت ہوتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل جسمانی صحت، ذہنی نشوونما، نظم و ضبط اور ثابت قدمی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی اور پاکستانی کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔